پاکستان آج پاک سیٹ ایم ایم ون سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گا
فوٹو: فائل
اسلام آباد: پاکستان آج پاک سیٹ ایم ایم ون سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گا، یہ سیٹلائٹ چین کے شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کی جائے گی۔
اس حوالے سے پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستانی سیٹلائٹ کی چین کی مدد سے خلا میں بھیجنے کی ریہرسل مکمل کرلی ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان کی نیشنل اسپیس ایجنسی ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ کل لانچ کرے گی،پاک سیٹ ایم ایم ون کل چین کے شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا جائے گا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ سپارکو اور چائنیز ایرو اسپیس انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے بنایا گیا ہے، یہ سیٹلائٹ ملک کے کمیونیکیشن اور رابطہ کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
سیٹلائٹ ڈیجیٹل پاکستان کی جانب سے ایک اہم قدم ہے،’ایم ایم ون‘ مواصلاتی سیٹلائٹ زمین کے مدار میں رہتے ہوئے مواصلاتی سہولیات فراہم کرے گا۔
ترجمان کے مطابق اس سیٹلائٹ کی ڈیزائن لائف 15 برس ہے، یہ سیٹلائٹ 3 برس میں تیار کیا گیا، ایم ایم ون زمین کے مدار میں 36 ہزار کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں موجود ہوگا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ زمین کے اعتبار سے ساکن رہے گا تاکہ پاکستان اور اس خطے کو مواصلاتی سہولیات مہیا ہو سکیں۔
ترجمان سپارکو کے مطابق اس وقت پاکستان کے 2 سیٹلائٹ خلا میں موجود ہیں، پاک سیٹ ون آر 2011 ء میں لانچ کیا گیا تھا، اس کی ڈیزائن لائف 15 سال تھی جو 2026 ء میں مکمل ہوجائے گی۔
Comments are closed.