سینئر ورسٹائل اداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

50 / 100

فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی: پاکستان کے سینئر ورسٹائل اداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے،مرحرم اداکار 1940 میں دہلی میں پیدا ہوئے تھے۔

لیجنڈری سینیئر اداکار طلعت حسین کی موت کی اطلاع اُن کی صاحبزادی تزین حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پردی۔

انھوں نے والد طلعت حسین کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں گہرے رنج و غم کے ساتھ یہ اعلان کررہی ہوں کہ میرے پیارے والد طلعت حسین صاحب خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔

اُنہوں نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد طلعت حسین کی مغفرت کے لیے دُعا کریں،تزین حسین نے مزید کہا کہ طلعت حسین کے جنازے کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔

ریڈیو، ٹیلی ویژن اور سنیما میں اپنا ایک اعلیٰ مقام بنانے والے لیجنڈری اداکار طلعت حسین طویل عرصے سے بیمار تھے اور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940ء میں پیدا ہوئے تھے، اُنہوں نے پروفیسر رخشندہ حسین سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

حکومت پاکستان کی طرف سے 1982 میں طلعت حسین کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ اور سال 2021 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

طلعت حسین نے 1970 سے قبل کم عمری میں اداکاری کا آغاز کردیا تھا، لندن سے تعلیم حاصل کرنے والے طلعت حسین نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے اداکاری کا آغاز کیا جنہوں نے بعدازاں برطانوی ٹی وی سمیت بالی وڈ فلموں میں بھی کام کیا۔

سینئر اداکار کو  2021 میں ستارہ امتیاز (اسٹار آف ایکسیلنس) اور 1982 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

انہیں 2006 میں نارویجن فلم ‘امپورٹ ایکسپورٹ’ میں بہترین معاون اداکار کے لیے امانڈا ایوارڈ اور فلم ‘مس بینکاک’ میں بہترین معاون اداکار کے لیے 1986 میں نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

Comments are closed.