وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات
فوٹو: آن لائن
تہران: وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے ایرانی صدر اور ان کے ساتھیوں کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی اور احترام کا اظہار کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تعلقات کو اجاگر کرتی ہے، جو دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے، قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم ایرانی صدر اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے تعزیتی ہال کا بھی دورہ کیا جہاں مرحوم ایرانی صدر کی میت رکھی گئی تھی۔ انہوں نے مرحوم رہنما کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایران کے لیے ان کے تعاون اور پاکستان کے ساتھ گہری دوستی کو اجاگر کیا۔
پاکستانی حکومت اور اس کے عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعظم نے ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا،انہوں نے صدر کی شہادت کی المناک خبر سن کر پورے پاکستان میں محسوس ہونے والے گہرے صدمے اور غم پر زور دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ایران کے سوگوار عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مرحوم ایرانی صدر کو پاکستان کے عظیم دوست کے طور پر یاد کیا اور گزشتہ ماہ صدر کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی عوام کے ساتھ گزارے گئے یادگار لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان لمحات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم نے اس مشکل وقت میں ان کی قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے ایران کے نگراں صدر ڈاکٹر محمد مخبر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایران کے دورے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت متعدد اعلیٰ پاکستانی حکام نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
Comments are closed.