بیرون ملک علاج، نواز شریف کا ڈرامہ کلائمکس پر آن پہنچا،فردوس عاشق
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے نواز شریف کی بیماری کے ڈرامے کا بھی کلائمکس آن پہنچا، بیرون ملک علاج کی درخواست نے ثابت کردیا کہ میاں صاحب جیل سے نجات چاہتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے حوالے سے کہا کہ وہ کرپٹ ٹولے کی ترجمان ہیں، ان کی ترجمانی پاپڑ والے سے نکلنے والے اربوں روپے نہیں چھپا سکتی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘بلاول صاحب آپ کوعوام کے درد کا احساس ہونا کسی تعجب سے کم نہیں، آپ کو مہنگائی کا احساس ہے تو ابو اور پھوپھو سے کہیں لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں’۔
انھوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں نے غریب کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا، کسی نے چوری اور سینہ زوری دیکھنی ہو تو اپوزیشن کی تقریریں اور بیانات دیکھ لے۔
فردوس عاشق اعوان نے بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ ٹھاٹھ باٹھ سے رہتے ہیں، آپ کوکیا معلوم بنیادی ضروری اشیاء کی قیمتیں کیا ہیں؟ بلاول روزمرہ کی چیزوں کے نرخ بتا دیں تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا’۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کی ذمہ دار پی پی اور ن لیگ ہیں، بلاول عوام پر مسلط ہونے کیلئے لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کے عوام باشعور ہیں انہوں نے موروثی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔
Comments are closed.