حکومت کا ساڑھے 19 ہزار سے زائد حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنے کا اعلان
فوٹو: فائل
اسلام آباد(جاوید نور) حکومت کا ساڑھے 19 ہزار سے زائد حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنے کا اعلان، سیکرٹری مذہبی امور نے تصدیق کی کہ 19ہزار 5سو خالی رہ جانے والا کوٹہ سعودی عرب کو واپس کیا جارہا ہے.
وزارت مذہبی امور نے ناکام درخواست گزاروں کے باربار مطالبہ کرنے پر توجہ نہیں دی۔ذرائع کے مطابق پرائیویٹ سکیم کے تحت بھی کم درخواستیں موصول ہونے پر مزید کوٹہ واپس کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب درخواست گزاروں کا مطالبہ ہے کہ حکومت حج کوٹہ واپس کرنے کی بجائے انہیں حج پر بھجوائے،ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت ساڑھے 19 ہزار سے زائد حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت ہی درخواست دینے والے 5ہزار 633 پاکستانیوں کو حج پر نہیں بھجوایا جائے گا۔ریگولر حج سکیم کے تحت 5ہزار 6سو33 درخواست دہندہ حج سے محروم رہ جائیں گے۔
رواں برس کے لئے حج قرعہ اندازی میں 5ہزار 633 درخواست دہندہ ناکام قرار پائے تھے، ذرائع کے مطابق سرکاری ریگولر اسکیم کے عازمین حج کو ایڈجسٹ کرنے کی بجائے رقم واپس کر دی گئی۔سرکاری اسپانسر شپ حج سکیم میں 25 ہزار کے کوٹے پر صرف 4ہزار درخواستیں موصول ہوئیں،جو توقع سے کم تھیں۔
حکومت ریگولر اسکیم کے تحت 5 ہزار 600 عازمین حج کے لیے ڈالر دینے پر تیار نہیں۔ریگولر حج سکیم میں 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئی تھیں. قرعہ اندازی میں 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج منتخب ہوئے تھے.
باقی رہ جانے والے 5633 درخواست گزاروں کو دس لاکھ 65 ہزار اور دس لاکھ 75ہزار روپے واپس کئے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر ناکام درخواست گزاروں کو 6 ارب روپے واپس کئے گئے۔
Comments are closed.