ضمنی انتخابات ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 23 خالی نشستوں پر 239 امیدوار میدان میں اتریں گے
فائل:فوٹو
اسلام آباد: ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 23 خالی نشستوں کے لیے کل 239 امیدوارمدمقابل ہوں گے ۔ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ 21 اپریل کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے کل 50 امیدوار مد مقابل ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی آصفہ بھٹو زرداری پہلے ہی این اے 207 سے بلامقابلہ منتخب ہو چکی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے کل 23 امیدوار میدان میں اتریں گے جبکہ پنجاب میں 154 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں جبکہ سندھ میں زبیر احمد جونیجو نے پی ایس 80 سے بلامقابلہ اپنی نشست حاصل کرلی ہے اور بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے 12 امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن 30 مارچ کو متعلقہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کے بعد ضمنی انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کرے گا جبکہ صوبائی الیکشن کمشنرز کو ضروری انتخابی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کمیشن نے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے ساتھ ساتھ صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھی قریبی رابطہ قائم کیا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ 13 اپریل کو الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 23 نشستوں پر 21 اپریل کو ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 جبکہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔
Comments are closed.