ہم آخری حد تک جائیں گے، پیچھے نہیں ہٹیں گے،علی امین گنڈاپور

45 / 100

فائل:فوٹو
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک میں بار بار آئین کو توڑا جا رہا ہے ہمارا انتخابی نشان اور نشستیں چھینی گئیں، جلد یہ سارا سسٹم بے نقاب ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم آخری حد تک جائیں گے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، غیرقانونی طور پر ارکان کو حلف نہیں لینے دیں گے، ملک میں بار بار آئین کو پامال کیا جا رہا ہے، پنجاب اور کے پی میں 90 روز میں الیکشن نہ کرا کر آئین کو توڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا انتخابی نشان اور نشستیں چھینی گئیں، جلد یہ سارا سسٹم بے نقاب ہوگا، آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کی سزا موت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے غیر قانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی، کے پی میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

علی امین گنڈاپورنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئین اور قانون کیلئے جدوجہد کا راستہ اپنانے کا سبق سکھایا ہے، خواتین اور اقلیتوں کے حق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، خواتین کی مخصوص نشستوں پر خواتین کے حقوق کیلئے اور ووٹ کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ 6ججز کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بنایا جا رہا؟ 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا تھا ابھی تک 9 مئی اور سائفر پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟۔

Comments are closed.