ماسکو میں کنسرٹ فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا، 60 افراد ہلاک

46 / 100

فائل:فوٹو

ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کے نتیجے میں 60 کے قریب افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا جس کی وجہ سے کروکس سٹی ہال میں آگ بھڑک اٹھی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو میں واقع کروکس سٹی ہال میں راک کنسرٹ جاری تھا اس دوران مسلح افراد نے ہجوم پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی، حملے کے نتیجے میں 60 افراد کے ہلاک جبکہ 150 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔

روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا جس کی وجہ سے کروکس سٹی ہال میں زبردست آگ لگ گئی، 3 سے 5 افراد نے ہجوم پر ہتھیاروں سے فائرنگ کی، سکیورٹی اہلکار حملے کے دوران 100 افراد کو ہال سے نکالنے میں کامیاب رہے۔

روسی حکومت نے حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے دارالحکومت ماسکو میں رواں ہفتے ہونے والی تمام عوامی تقریبات کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا اورعالمی برادری سے واقعے کی مذمت کرنے اور اسے بھیانک جرم قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

ادھر یوکرین کے صدارتی ترجمان نے حملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کروکس سٹی میں فائرنگ اور کچھ نامعلوم افراد کی طرف سے دہشتگردی کی کارروائیوں سے واضح طور پر یوکرین کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

Comments are closed.