افغانستان کے اندر سرحدی علاقوں میں انسداد دہشت گردی آپریشن کیا گیا،پاکستان
فوٹو: فائل
اسلام آباد: افغانستان کے اندر سرحدی علاقوں میں انسداد دہشت گردی آپریشن کیا گیا،پاکستان نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا دہشتگردوں کیخلاف ایکشن پر موقف.
ترجمان نے کہا کہ حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد گروپ آپریشنز کا اہم ٹارگٹ تھا، حافظ گل بہادر گروپ ٹی ٹی پی سے مل کر پاکستان میں دہشتگرد حملوں کا ذمہ دار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان افغان عوام کا بہت احترام کرتا ہے۔ افغانستان میں اقتدار میں موجود بعض عناصر ٹی ٹی پی کی سرپرستی کر رہے ہیں، افغانستان میں اقتدار میں موجود بعض عناصر ٹی ٹی پی کو پاکستان کیخلاف بطور پُراکسی استعمال کر رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان خارجیوں کی حمایت کرنے والے ان عناصر کو پالیسی پر نظرثانی پر زور دیتا ہے، یہ عناصر معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے خوارج دہشت گردوں کا ساتھ دینے کی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دہشتگرد پاکستان کی سلامتی کےلیے سنگین خطرہ ہیں۔ دہشت گرد پاکستانی حدود میں دہشت گردانہ حملوں کےلیے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کرتے رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایک برادر ملک کے خلاف اس طرح کا رویہ کم نظری کو ظاہر کرتا ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں افغان عوام کےلیے پاکستان کی حمایت کو نظرانداز کیا گیا ہے.
Comments are closed.