اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا ٹائٹل تیسری بار جیت لیا،ملتان سلطانز کو شکست
فوٹو: پی سی بی
کراچی: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا ٹائٹل تیسری بار جیت لیا،ملتان سلطانز کو شکست، یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ 2 وکٹوں سے جیت لیا، ٹورنامنٹ کے بیسٹ باولر اسامہ میر فائنل میچ میں بوجھ بن گئے، جب جب یونائیٹڈ پر یشر میں آئی اسامہ نے دل کھول کر رنز دئیے.
آخری اوور 8 رنز درکار تھے 6 نسیم شاہ نے بنائے، ایک عماد وسیم نے اور آخری چوکاحنین شاہ نے محمد علی کو لگا کر نہ صرف میچ کو سپر اوور سے بچایا بلکہ اپنی ٹیم کو پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کا چمپئن بنا دیا.
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20ویں اوورز کی آخری گیند پر ہدف مکمل کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی، مارٹن گپٹل نے 50 اور اعظم خان نے 30 رنز بناکر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم 19 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، جبکہ کولن منرو اور نسیم شاہ نے 17، 17 رنز کی اننگز کھیلی،
ملتان سلطانز کے افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے 2، 2 جبکہ ڈیوڈ ولی، محمد علی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2016 اور 2018 میں ٹائٹل جیتا تھا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کی پہلی دو وکٹیں 14 کے مجموعے پر ہی گر گئی تھیں، تاہم محمد رضوان اور عثمان خان نے 53 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔
رضوان 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تاہم انکے بعد آنے والے کھلاڑی خاطر خواہ اننگز نہ کھیل سکے، عثمان خان کی 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز نے اپنی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔
افتخار احمد نے اختتامی لمحات میں32 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر سلطانز کا ٹوٹل 9 وکٹوں پر 159 رنز تک پہنچا دیا۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد وسیم نے 5 اور اور شاداب خان نے 3 وکٹیں لے کر ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن کو بے اثر کر دیا اور کسی بھی لمحے سلطانز کو حاوی نہ ہونے دیا۔
ملتان سلطانز نے کوالیفائر میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کےلیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے ایلیمنیٹر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔
فائنل مقابلے کے لیے اسلام آباد کی ٹیم کپتان شاداب خان، کولن منرو، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ اور اوبیڈ مک کوئے پر مشتمل تھی۔
جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم کپتان محمد رضوان، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جورڈن، ڈیوڈ ویلی، اسامہ میر، محمد علی اور عباس آفریدی پر مشتمل تھی.
Comments are closed.