موٹر سائیکل پر بارودی مواد لے جاتے ہوئے پھٹ گیا، 2 مبینہ دہشتگرد ہلاک، ایک زخمی
فوٹو:سوشل میڈیا
پشاور: موٹر سائیکل پر بارودی مواد لے جاتے ہوئے پھٹ گیا، 2 مبینہ دہشتگرد ہلاک، ایک زخمی، یہ دھماکہ پشاور کے علاقے بورڈ بازار کے قریب موٹرسائیکل پر رکھے مواد کے پھٹنے سے ہوا۔
بتایا جارہا ہے کہ پشاور کے علاقہ بورڈ بازار میں صبح سویرے دہشت گردی کی کوشش ناکام ہوگئی، مبینہ دہشت گرد خود اپنے گھناؤنے منصوبے کا شکار بن گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گرد بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا، ایک ملزم موقعے پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا اسپتال میں دم توڑ گیا۔
دھماکے میں زخمی ہونے والا تیسرا شخص خیبرٹیچنگ اسپتال میں زیرعلاج ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بعد میں پہنچ کر جائے وقوعہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق بورڈ بازار ناصر باغ روڈ کی مرکزی شاہرہ پر موٹر سائیکل پر بارودی مواد سے دھماکا ہوا، دھماکے کی نوعیت اور بارودی مقدار کے حوالے سے تفتیش ہورہی ہے۔
کاشف آفتاب عباسی نے مزید کہا کہ جائے وقوعہ سے انسانی جسم کے اعضاء ملے ہیں، دھماکے کی نوعیت کو جانچنے کے لیے ٹیمیں کام کررہی ہیں، دھماکے میں زخمی اور ہلاک ہونے والوں کی تصدیق کررہے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ بی ڈی یو کی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، سفر کے دوران ہی دھماکا ہوا، دھماکا پلان کے مطابق تھا یا نہیں، یہ قبل از وقت ہوگا۔
کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ دھماکے میں 2 ملزمان ہلاک اور ایک زخمی ہے، دھماکا خودکش تھا یا نہیں ابھی نہیں کہہ سکتے، بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جارہا تھا.
بارودی مواد کو لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دھماکا ہوا، ٹارگٹ کس کو کررہے تھے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے، تینوں ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بورڈ بازار دھماکے کی مذمت کی ہے۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
Comments are closed.