وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر میں بارشوں اور برفباری سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان
فائل:فوٹو
مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں اور برفباری سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان کر دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کو 20، 20 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5 ،5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
دورہ مظفر آباد کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت میں آزاد کشمیر کے 8 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں، آج میں یہاں اظہار تعزیت اور افسوس کرنے آیا ہوں، اللہ مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت انسان کے بس سے باہر ہے، یہ اللہ کا نظام ہے اس کے آگے سر جھکانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، جب تک متاثرین گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، متاثرین کی معاونت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کو 20، 20 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5 ،5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، قدرتی آفت میں جن کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ان کو 7 لاکھ اور جن کے مکانات جزوی تباہ ہوئے ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں تاکہ کسی کا حق مارا نہ جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر سروے کریں گے، رمضان شریف کی آمد آمد ہے، 13 مارچ کو نقصانات کی تمام رقوم سروے کے بعد گھروں میں پہنچا دی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت سے جو زخمی ہوئے ان کی رقوم بھی 13 مارچ کو پہنچ جائیں گی، ان علاقوں کیلئے خاص طور پر این ڈی ایم اے کو ہیلی کاپٹر مہیا کر رہے ہیں، قدرتی آفت میں ہیلی کاپٹر جیسی سہولت فوری دستیاب ہوگی۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، یہی قائداعظم نے فرمایا ہے، کشمیری لوگ مشکل کی گھڑی میں خود کو اکیلا نہیں پائیں گے، جو اعلانات کئے ہیں ان کی تکمیل تاریخ پر مکمل ہو جائے گی، یہاں کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی علیحدہ میٹنگ کروں گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے 2 کروڑ سے زائد بچے اور بچیاں سکولوں سے باہر ہیں، صوبائی حکومتوں کی مشاورت کے بعد تعلیم کیلئے انتظامات کروں گا، مساجد میں بھی تعلیم کے حصول کیلئے انتظامات کئے جائیں گے، مواصلاتی نظام ٹھیک نہیں ہوگا تو کس طرح کمیونیکیشن ، ٹریڈ اور ضروریات پوری ہوں گی؟
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں کڑوے فیصلے کرنے ہیں اور وہ اشرافیہ کیلئے ہوں گے، جو قومیں کسی وجہ سے تباہ ہوئیں وہی دوبارہ زندہ ہوئیں، قوموں نے اپنی شکست کو محنت، محنت اور مسلسل محنت میں بدلا، اللہ نے ہمیں ذرخیز زمین دی ہے، آزاد کشمیر میں قدرتی معدنیات کے ذخائر ہیں آپ کیا کچھ نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دن رات محنت کر کے قوم کو یکسوع کرنا ہے، نفرتوں کے بجائے محبتوں کے پھول نچھاور کرنے ہیں، ذاتی پسند ناپسند کو چھوڑ کر پاکستان کے مفاد کی خاطر اکٹھا ہونا ہوگا، آئندہ سالوں میں پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہوگا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی چیک تقسیم کئے۔
Comments are closed.