خیبرپختونخوا اسمبلی، سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم اسپیکر اور ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب
فوٹؤ:اسکرین گریب
پشاور:خیبرپختونخوا اسمبلی، سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم اسپیکر اور ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے خفیہ رائے شماری کے بعد سنی اتحاد کونسل کے امیدوار منتخب ہو ئے۔
سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی نے 89 ووٹ لیے جب کہ ان کے مقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ لیے۔
نو منتخب اسپیکر خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی نے اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ مشتاق غنی نے ان سے حلف لیا۔
بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر کے لیے رائے شماری ہوئی اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سنی اتحاد کونسل کی امیدوار ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئیں۔ انہوں نے 87 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مقابل پی ٹی آئی پی کے امیدوار ارباب وسیم خان نے 19 ووٹ حاصل کیے۔
قبل ازیں صوبائی اسمبلی کا اجلاس مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا، جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے رائے شماری ہونی تھی، تاہم جے یو آئی کی جانب سے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔ دوران ووٹنگ پی ٹی آئی کارکنوں نے کچھ دیگر ارکان کو ووٹ ڈالتے دیکھ کر نعرے بازی کی۔
اسپیکر کے لیے سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی کا مقابلہ اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار پی پی پی کے احسان اللہ میاں خیل سے جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی کا مقابلہ اپوزیشن پی ٹی آئی پی کے امیدوار ارباب وسیم سے تھا۔
پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر عباد اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ کے منصب کے لیے انتخاب کل ہوگا، اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ علی ا مین گنڈاپور آزاد حیثیت سے وزیراعلیٰ کا انتخاب لڑیں گے۔
صوبائی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 118 ہو گئی ہے، جس میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 87 جب کہ 6 ارکان آزاد حیثیت سے اسمبلی میں موجود ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی تعداد 25ہے۔
Comments are closed.