میرا کام پنجاب میں پالیسی بنانا ہے، منشور پر آج سے عمل شروع کروں گی، مریم نواز

48 / 100

فوٹؤ:اسکرین گریب

لاہور: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم شفاف نظام لائیں گے، کرپشن کی روک تھام کیلئے سسٹم لائیں گے، حکومت سنبھالنے کے بعد عوام سے تعلق ٹوٹ جاتا ہے، میری ہیلپ لائن عوام اور ہر طبقے کیلئے کھلی ہوں گی۔ میرا کام پنجاب میں پالیسی بنانا ہے، حلف اٹھانے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے منشور پر آج سے عمل شروع کروں گی۔

وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے دل میں انتقام اور بدلے کا کوئی جذبہ نہیں، ہمارے اوپر بہت مشکل وقت رہا، بربریت کا نشانہ بنایا گیا، ہم نے بطور جماعت کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ منصب ملنے پر سر جھکا کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں، قدرت کا نظام پہلے انسان کو مشکلات سے گزارتا ہے پھر عزت سے نوازتا ہے، میرا وزیراعلیٰ منتخب ہونا ہر ماں، بہن اور بیٹی کیلئے اعزاز ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کو جمہوری عمل میں شامل ہونا چاہیے تھا، اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے نہ ہونے پر افسوس ہے، اپوزیشن کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے، منصب کیلئے نامزد کرنے پر قائد نوازشریف، صدر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا، مخالفین نے مجھے ظلم اور انتقام کا نشانہ بنایا ان کی شکر گزار ہوں، مخالفین نے مجھے ایسی ٹریننگ سے گزارا جس کا کوئی نعم البدل نہیں، قدرت کا نظام ہے پہلے انسان کو مشکلات سے گزارتا ہے پھر عزت سے نوازتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں ووٹ دینے اور نہ دینے والوں کی وزیر اعلیٰ ہوں، ہم سب جمہوری و سیاسی کارکن ہیں، ایوان جمہوریت کا پرچم سر بلند رکھے گا، امید ہے سپیکر، ڈپٹی اسپیکر جمہوری عمل کو برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ کسی اور سے نہیں اپنی جماعت میں موجود قدآور شخصیات کی کارکردگی سے ہے، نوازشریف کو پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کا اعزاز حاصل ہے، کسی صورت تہذیب اور اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ والدہ نے مجھے تعلیم اور مشکلات کا سامنا کرنے کی ٹریننگ دی، والدہ نے سکھایا کس طرح مضبوطی سے مشکلات کا سامنا کیا جاتا ہے، آج اپنی والدہ اور قوم کی تمام ماوٴں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنے اساتذہ، ہیڈماسٹرز کا بھی دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، اس منصب پر بٹھانے پر پنجاب کے عوام کی بھی مشکور ہوں، اس کرسی پر نوازشریف جیسے لیڈر نے ترقی کی منازل طے کیں، اللہ نے نوازشریف کو جس اعزاز سے نوازا وہ کسی کے حصے میں نہیں آیا۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا کام پنجاب میں پالیسی بنانا ہے، حلف اٹھانے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے منشور پر آج سے عمل شروع کروں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے لئے سب قابل احترام ہیں، سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہوں، امید کرتی ہوں تفریق سے بالاتر ہو کر میری مدد کریں گے، میں حلقے کے عوام کیلئے اس ہی طرح دستیاب رہوں گی جس طرح ایم پی اے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایجنڈا ترتیب دیا ہے، ہمارے پاس چھوٹے اور درمیانی کاروباری طبقے کیلئے ویڑن ہیں، ہم پنجاب کو بزنس حب بنائیں گے اور سہولیات دیں گے، کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں، حکومت کا کام پالیسی بنانا اور ماحول فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہہ چکی ہوں میری کرپشن کیلئے زیرو ٹالرنس ہے، ہم شفاف نظام لائیں گے، کرپشن کی روک تھام کیلئے سسٹم لائیں گے، حکومت سنبھالنے کے بعد عوام سے تعلق ٹوٹ جاتا ہے، میری ہیلپ لائن عوام اور ہر طبقے کیلئے کھلی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک رمضان ریلیف پیکیج "نگہبان” کے نام سے بنایا ہے، نگہبان پیکیج گھروں تک پہنچایا جائے گا، عوام کا حق دہلیز تک پہنچانا اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازار لگائیں گے جن کی مانیٹرنگ ہوگی، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی مانیٹر کریں گے، ا?ج سے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ذمہ داریاں دے رہی ہوں، عوام کو اصل قیمت کے علاوہ ایک روپیہ بھی اوپر دینے کی ضرورت نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 60 ہزار ماہانہ تنخواہ والے لوگ مستحقین ہیں، ان کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے، چیف سیکرٹری سے کہا ہے 3 ماہ میں پورے پنجاب کا سروے ہونا چاہیے، ہمیں معلوم ہونا چاہیے کس کو کس چیز کی ضرورت ہے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ میرٹ پر اترنے والے بچے کو حکومت پنجاب وسائل فراہم کرے گی، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کو آگے بڑھائیں گے، ہمارے بہت سے نوجوانوں کے پاس صلاحیتیں ہیں، چاہتی ہوں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کو داخلہ ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری معاشی صورتحال سب کو پتہ ہے، جو نوجوان میرٹ پر پورا اترے گا انٹرنیشنل یونیورسٹی کا خرچہ حکومت پنجاب ادا کرے گی، انٹرن شپ میں بچوں کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ میرے پاس نوجوانوں کیلئے یوتھ لان پروگرام ہے، نوازشریف نے بھی یوتھ لان پروگرام شروع کیا تھا، ہم سود سے پاک قرض فراہم کریں گے، سمال بزنس لان،فری لیپ ٹاپس سکیم شروع کریں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور ٹیبلٹ چاہئیں تو فراہم کروں گی۔

پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ا?ئی ٹی کا شعبہ لو ہینگنگ فروٹ ہے، بھارت ا?ئی ٹی میں ہم سے بہت ا?گے ہے، ہمارے پاس باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں ہے، چاہتی ہوں نوجوان گھر بیٹھے کاروبار شروع کریں،نوجوان فری لانسنگ شروع کریں ہم سہولت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا الیکٹرک موٹربائیکس طلبہ اور نوجوانوں کو فراہم کرینگے، وزیراعلیٰ ہاوٴس کے دروازے طلبا اور نوجوانوں کیلئے کھلے ہونگے، طلبا اور نوجوانوں کیلئے سکیمز پر لائحہ عمل بنائیں گے اور ڈلیور کریں گے، خواب ہے پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے سکول سے باہر نہ ہو۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ جو ہم پڑھا رہے ہیں اس کا معیار دنیا سے بہت پیچھے ہے، سرکاری سکول میں پڑھنے والے کی تعلیم کا معیار بھی پرائیویٹ جیسا ہونا چاہیے، دانش سکول شہبازشریف کا زبردست منصوبہ تھا، چاہتی ہوں پنجاب کے ہر ضلع میں ایک دانش سکول ہو، سکلز ڈویلپمنٹ کے جتنے بھی ادارے ہیں ان میں جدت لانے پر خصوصی توجہ ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں سپیشل بچوں کا اعلیٰ ادارہ بنے گا، ہم سپیشل بچوں کیلئے ٹرانسپورٹ اور ماحول کو بہتر بنائیں گے، صوبے میں 5 آئی ٹی سٹیز بنائیں گے، لاہور میں مفت وائی فائی فراہم کریں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ صحت پر بہت کام ہوا ہے اور بھی بہت ہونے والا ہے، پنجاب کے ہر ضلع میں سٹیٹ ا?ف دی ا?رٹ ہسپتال بنائیں گے تاکہ مریض کو ایک شہر سے دوسرے شہر نہ جانا پڑے، پنجاب کے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں ا?ج سے مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ سے دعا کی تھی ذمہ داری ملی تو ایئر ایمبولینس شروع کروں گی، ہم کچھ ہفتوں میں پاکستان اور پنجاب کی پہلی ایئر ایمبولینس شروع کرنے جا رہے ہیں، میں نے ہدایت کی ہے موٹروے پر جلد سے جلد 1122 ایمبولینس سروس شروع کریں۔

صحت کارڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پاکستان کا پہلا صحت کارڈ 2015 میں بنایا تھا، گزشتہ کئی سالوں میں صحت کارڈ کرپشن کا شکار ہوا، ہم جلد صحت کارڈ کو ری ڈیزائن کر کے پنجاب کے عوام کیلئے لے کر آئیں گے، ہم جلد رورل ہیلتھ سینٹرز میں میڈیکل کی تمام سہولیات لائیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ شہبازشریف نے نرسنگ کے شعبے کیلئے کام کیا ہے، ڈیمانڈ زیادہ ہے لیکن ہمارے پاس نرسز کم ہیں، ہمیں نرسنگ کیلئے تعلیمی ادارے قائم کرنے ہیں، چاہتی ہوں ہماری نرسز کی بھی ایسی ٹریننگ ہو جو بیرون ملک جا کر خدمات انجام دے سکیں، خواہش ہے نرسز کو سہولیات فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں خواتین کے تحفظ کیلئے بہتر پنجاب بنانا چاہتی ہوں، ہر عورت کو محفوظ ماحول فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے، جتنے قرضے لڑکوں کو ملتے ہیں اتنے ہی خواتین کو بھی ملنے چاہئیں، کوشش ہوگی جہاں خواتین کام کرتی ہیں وہاں ڈے کیئر سینٹر ہو۔

Comments are closed.