آصف زرداری پر مبینہ سازش کا الزام، شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں توسیع
فائل:فوٹو
اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آبادنے سابق صدر آصف زرداری پر مبینہ سازش کا الزام لگانے کے معاملے پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر سہیل تھہیم نے کیس پرسماعت کی، شیخ رشید احمد اپنے وکلاء سردار شہباز اور دیگر کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ شیخ صاحب پہنچ گئے ہیں، طبیعت کیسی ہے؟ جس پر شیخ رشید نے جواب دیا کہ جی پہنچ گیا، طبیعت کچھ ٹھیک نہیں ہے۔
عدالت میں شیخ رشید کے وکیل سردار شہباز نے کہا کہ سینئر کونسل سردار عبدالرازق نے دلائل دینے ہیں، وہ ہائیکورٹ الیکشن میں مصروف ہیں، آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے،شیخ رشید نے کہا کہ رمضان کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں، عدالت نے شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ شیخ رشید احمد کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے، شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں آصف زرداری پربانی پی ٹی آئی کے قتل کا الزام لگایا تھا۔
Comments are closed.