بلوچستان کے 4 جماعتی اتحاد کا دھاندلی زدہ انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار
فوٹو: فائل
کوئٹہ: بلوچستان کے 4 جماعتی اتحاد کا دھاندلی زدہ انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار، قائدین نے کہا کہ جب تک جمہوریت میں ہی ہمارا مستقبل،ہمارامینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جاتا انتخابی نتائج قبول نہیں کرینگے. کامیابی اسے ملی جسے فرشتے ووٹ دیتے ہیں.
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل ، نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ عبدالخالق ہزارہ نے ہفتہ کو کوئٹہ میں ڈپٹی کمشنر و ڈی آر او آفس کے سامنے جاری دھرنا میں جلسے سے خطابات کئے.
انھوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ،ہمارا مینڈیٹ چھیننا اتنا آسان نہیں ،دھاندلی زدہ حکومت میں بحرانوں میں مزید اضافہ ہوگا.
بلوچی قائدین نے کہا کہ سیاسی معاملات میں اداروں کی مداخلت بند ،عوام کے مینڈیٹ کا جب تک احترام نہیں کیا جاتا ہم الیکشن کے نتائج کو قبول نہیں کریں گے ، جب تک بلوچستان کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جاتا ایک صف میں کھڑے رہیں گے.
ان کا کہنا تھا جمہوریت پسند لوگوں کو پیچھے دھکیلا جارہا ہے ، ملک کے بنیادی سوال کو حل کئے بغیر ملک آگے نہیں جائے گا، جمہوریت ہی میں ہمارا مستقبل ہے اس کو پنپنے دیا جائے ، قومی تضاد کو ختم اور قوموں کو ان کے حقوق دیئے جانے تک یہاں آباد اقوام مطمئن نہیں ہوں گی.
کہا سازش کے تحت بلوچستان میں قوم پرستوں کو عوام سے دور اور بلوچستان سے پارلیمنٹ میں ان لوگوں کو بھیجا جارہا ہے جن کا اس سرزمین سے کوئی سروکار نہیں ، کمزور پارلیمنٹ کی اس لئے ضرورت ہوتی ہے کہ آئینی طور پر ہر گناہ کا علاج کمزورپارلیمنٹ کرتی ہے.
جلسے سے پشتونخوامیپ کے مرکزی رہنما نواب ایازجوگیزئی ، بی این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ ، نیشنل پارٹی کے رہنما عطا محمد بنگلزئی اور ایچ ڈی پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قادر علی نائل بھی خطاب کیا.
،اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر کبیر محمد شہی ، نومنتخب ایم این اے پھلین بلوچ ، پشتونخوامیپ کے عبدالرحیم زیارتوال ، عبدالقہار ودان ، ڈاکٹر حامد اچکزئی ، بی این پی کے ملک نصیر شاہوانی ، اخترحسین لانگو ، ایچ ڈی پی کے مرزاحسین ہزارہ ، سیما بتول اورعزیز ہزارہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمیں وطن دوستی اور وفاداری کا سرٹیفکیٹ کسی سے نہیں لینا، یہ ہمارا وطن ہے جس کے لئے ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں.
Comments are closed.