وزیراعلیٰ پنجاب کا کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا سخت نوٹس ، تحقیقات کا حکم

42 / 100

فائل:فوٹو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے الزامات کی انکوائری کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الزامات کی آزادانہ انکوائری کروائی جائے گی۔ کمشنر راولپنڈی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کے حوالے سے حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ مستعفی کمشنر راول پنڈی لیاقت چٹھہ کو ابھی گرفتار نہیں کیا، بغیر ایف آئی آر انہیں گرفتار نہیں کرسکتے۔
انتخابات میں دھاندلی سے متعلق انکشافات اور اعتراف کرنے والے کمشنر راول پنڈی سے متعلق پنڈی پولیس کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کمشنر کو فی الوقت گرفتار نہ کرنے کا بیان دیا ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی گرفتاری کے حوالے سے چلنے والی خبر کی راولپنڈی پولیس تردید کرتی ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر نے کہا ہے کہ مستعفی کمشنر کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جب تک کوئی پرچہ نہ ہو ہم کیسے گرفتار کرسکتے ہیں؟

Comments are closed.