پیپلزپارٹی کا اگر مگر کے ساتھ ن لیگ کی ڈوبتی ساکھ کو کندھا دینے کا اعلان
فوٹو: اسکرین گریب
اسلام آباد: پیپلزپارٹی کا اگر مگر کے ساتھ ن لیگ کی ڈوبتی ساکھ کو کندھا دینے کا اعلان ، پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی طرف سے سامنے آنے والے وزیراعظم کے امیدوار کی حمایت کرنے کااعلان کردیا۔
اسلا آباد میں زرداری ہاوس میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کو چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا بھی اعلان کیا اور ساتھ کہا کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر وقت آگیا ہے کہ پی پی پی پاکستان کھپے کا نعرہ لگائے، حقیقت یہ ہے پی پی پی کے پاس وفاقی حکومت بنانے کے لیے مینڈیٹ نہیں ہے، اسی وجہ سے میں خود کو وزیراعظم پاکستان کے امیدوار کے طور پر شامل نہیں کر رہا ہوں۔
کہا آزاد امیدواروں اور مسلم لیگ (ن) کے پاس قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ نشستیں ہیں لیکن پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پی پی پی کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے، اسی لیے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی حکومت کا امکان ختم ہوگیا ہے اور مسلم لیگ (ن) رہ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیں حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن پی پی پی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ وفاقی حکومت میں شامل ہوں اور وزارتیں لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا ہم ملک میں سیاسی افراتفری بھی نہیں دیکھنا چاہتے ہیں اور ملک میں بحران نہیں چاہتے ہیں،پی ٹی آئی حکومت نہیں بنا رہی ہے اور مسلم لیگ(ن) کے پاس مطلوبہ تعداد پوری نہیں ہے۔
میں وزیراعظم کا امیدوار نہیں ہوں تو ایوان وزیراعظم منتخب نہیں کرپائے گا، جس کے نتیجے میں ہمیں واپس دوبارہ انتخابات میں جانا ہوگا، جس سے اس سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہوگا اور سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔
“ہم کراچی کے امن اور ترقی پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ہم یہ ہی پیغام دیتے ہیں کہ سیاست کریں انتہاپسندی اور نفرت کی سیاست کو دفن کریں لسانیت اور نفرت کی بنیاد پر ہم ان کو میرے شہر کو تقسیم نہیں کرنے دیں گے۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری @BBhuttoZardari pic.twitter.com/C0wuJnu0BD
— PPP (@MediaCellPPP) February 13, 2024
انہوں نے کہا کہ اس کے اثرات سے ملک کے عوام متاثر ہوں گے، جو اس وقت صرف سیاسی مسائل کا شکار نہیں بلکہ معاشی اور دہشت گردی کے بدترین خطرات اور موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے دوچار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے عوام کے مفاد پر مشتمل منشور پر انتخاب لڑا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ مختلف امور پر اہمیت کی بنیاد پر حمایت کریں گے تاکہ سیاسی استحکام کی بحالی یقینی بنائی جائے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اس کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک کمیٹی تشکیل دیں گے تاکہ دوسری سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی، حکومت سازی اور سیاسی استحکام کے لیے یہ کمیٹی کام کرے گی۔
ان کا کہنا تھا ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان کو اس بحران سے نکالیں اور اس سمت پر لے جاسکیں جو عوام کا حق ہے، عوام مزید افراتفری نہیں چاہتے اور سیاست دانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ عوام کو اس بحران سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اراکین نے اجلاس میں کئی مسائل پر بات کی ہے اور مسلم لیگ(ن) کے دوستوں کے حوالے سے مسائل پر بات کی، 18 مہینے حکومت میں رہیں اور سارے صوبوں سے تعلق رکھنے والے ہمارے ساتھیوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے کام نہیں ہوئے ہیں، اس لیے کمیٹی نے یقینی بنائے گی کہ پی پی پی کے اعتراضات دور کیے جائیں۔
انتخابات کے نتائج پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ بد قسمتی ماضی کی طرح ہر الیکشن میں 2018، 2013 اور دیگر کی طرح اس الیکشن میں بھی اعتراضات اٹھائے گئے، ہماری پارٹی کے اراکین نے اعتراضات کیے ہیں، لیول پلینگ فیلڈ، دھاندلی کے الزامات، بدانتظامی کے معاملے پر فیصلہ کیا ہے کہ ہم تمام شکایات پر شواہد اکٹھے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ ہوا کہ پی پی پی ملک کے وسیع مفاد اور ملکی سیاسی استحکام کے لیے احتجاجاً ان نتخابات کے نتائج قبول کرے گی مگر ہم چاہیں گے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر اس دفعہ ان خامیوں کو ختم کریں تاکہ آنے والے انتخابات میں کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عوام کے لیے پیغام ہے کہ ٹی وی اسکرینز پر جو افراتفری اور سیاسی عدم استحکام نظر آرہا ہے اس کے پیش نظر میں یقین دلاتا ہوں کہ پارلیمان بنے گا اور پارلیمان وہ فورم ہے جہاں آپ کے مسائل حل کروائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی اپنے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے حکومت سازی کا عمل مکمل ہو، اس سے سیاسی استحکام ہو اور حکومت چل پڑے، ایسا نہ وہ کہ ہمیں نئے انتخابات کی طرف جانا پڑے اور ایک بار اس سلسلے میں دھکیلا جائے، جس کے نتیجے میں سیاسی افراتفری ہو۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ کسی جماعت کے پاس مینڈیٹ واضح نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) یا پی پی پی اکیلے حکومت نہیں بنا سکتے، اگر دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں تو کوئی سیاسی جماعت نتائج قبول نہیں کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی آج بھی سیاسی فیصلے نہیں کررہی، پاکستان کی عوام پیپلز پارٹی کی طرف دیکھتی ہے، آئینی عہدے لینے کا ہمارا حق یے، صدر، چیئرمین سینٹ اور اسپیکر کے لیے پیپلر پارٹی اپنے امیدوار کھڑے کرے گی،آصف زرداری میرے والد ہیں اور میری خواہش ہے کہ وہ صدر بنیں۔
Comments are closed.