صرف 3روپے کی گولی میں ہارٹ اٹیک اور فالج کا علاج

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچاؤ کےلیےصرف ایک گولی ہے لیکن اس میں بیک وقت چار دوائیں شامل ہیں جن کی بناء پر اسے دل کی خرابی، ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچاؤ کےلیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

طبّی جریدے ’’دی لینسٹ‘‘ کے تازہ شمارے میں اس گولی سے متعلق تفصیلات دی گہی ہیں،ایک گولی میں چار ادویات میں سے ایک تو اسپرین ہے جو خون کو پتلا کرتی ہے؛ دوسری کولیسٹرول کم کرنے والی ’’اسٹیٹن‘‘ قسم کی دوا ہے؛ جبکہ فشارِ خون (بلڈ پریشر) کم کرنے کےلیے ایک دوائی اور ساتھ ہی ایک شوگر لیول کم کرنے والی گولی شامل کی گئی ہیں۔

اس گولیکا نام ’’پولی پِل‘‘ (polypill)  ہے،یہ پانچ سالہ تحقیقی طویل مطالعے میں لگ بھگ ایک تہائی مریضوں کےلیے مفید پائی گئی ہے۔ اس تحقیق کے دوران  اسے ایران کے 100 مختلف قصبوں میں 3,400 ایسے افراد پر پانچ سال تک آزمایا گیا۔

جن افراد پر تحقیق کی گہی ان کی عمریں 50 سے 75 سال کے درمیان تھیں۔ اس تحقیقی مطالعے میں ایران کے علاوہ فرانس، برطانیہ اور امریکا کے طبی ماہرین نے بھی حصہ لیا۔

مذکورہ ایرانی قصبوں کا انتخاب خاص طور پر اس وجہ سے کیا گیا کیونکہ وہاں امراضِ قلب کی شرح، ایران کے دیگر علاقوں کی نسبت زیادہ تھی۔ (مطالعے کے شرکاء کی مجموعی تعداد 6,800 تھی، جن میں سے باقی 3,400 افراد کو پولی پِل کے نام پر ایک بے ضرر گولی کھلائی گئی۔)

ان میں سے تقریباً 35 فیصد افراد کو اس گولی سے واضح طور پر فائدہ پہنچا اور ان میں دل کے دورے سے لے کر فالج تک کے خطرات نمایاں طور پر کم ہوئے۔ علاوہ ازیں، وہ افراد جنہوں نے ڈاکٹر کی ہدایت پر سختی سے عمل کرتے ہوئے یہ گولی استعمال کی تھی، ان میں خطرات کم ہونے کی شرح 50 فیصد سے بھی زیادہ نوٹ کی گئی۔

لگ بھگ تیس سال پہلے کچھ طبّی ماہرین نے یہ خیال پیش کیا تھا کہ اگر کسی ایک گولی میں زیادہ دوائیں ملا کر ’’پولی پِل‘‘ تیار کرلی جائے تو اس سے مریضوں کو کم خرچ میں زیادہ افاقہ ہوسکتا ہے۔ مذکورہ بالا مطالعے سے امراضِ قلب کے ضمن میں اس خیال کی بھرپور تائید ہوئی ہے۔

سب سے اہم بات اس گولی کی قیمت ہے جو پاکستانی روپوں میں 3 روپے سے 5 روپے بنتی ہے لیکن یہ ابھی عالمی اداروں کی علاج کے لیے منظور ہونے والی ادویات میں شامل ہونے کی منتظر ہے۔

Comments are closed.