ہندو لڑکیوں کے معاملا پر فواد چوہدری کا سشما سوراج کو جواب


اسلام آباد(زمینی حقائق )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو بھرپور جواب  دیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ مودی کا بھارت نہیں جہاں اقلیتوں سے ناروا سلوک کیا جاتا ہے، یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے، یہاں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

سندھ سے دو ہندو لڑکیوں کے مبینہ اغوا کے معاملے میں کودنے پر فواد چوہدری نے ٹوئٹر بیان کے ذریعے بھارتی وزیر خارجہ کو منہ توڑ جواب دیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندو لڑکیوں کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، امید کرتے ہیں آپ بھارتی اقلیتوں کے حقوق کے معاملے پر بھی ایسا ہی ردعمل دیں گی۔

سشما سوراج نے معاملے پر پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے دو ہندو بہنیں سندھ کے شہر ڈہرکی سے لاپتہ ہوگئی تھیں جن کے حوالے سے پولیس کا دعویٰ ہے کہ 22 مارچ کو دونوں لڑکیوں نے منظر عام پر آکر نکاح کرلیا تھا اور دونوں  نے میڈیا کے سامنے اپنی مرضی سے نکاح کا اعتراف بھی کیا تھا۔

Comments are closed.