ہمارانصاف کا نظام طاقتور ڈاکو کو نہیں پکڑ سکتا، وزیراعظم
لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ہمارا انصاف کا نظام طاقتور ڈاکو کو نہیں پکڑ سکتا، طاقتورکرپشن کا حساب کتاب دینے کوتیارنہیں ہے لیکن ہم نے طاقتور کو بھی قانون کے نیچے لانا ہے۔
عمران خان نے لاہور میں پنجاب پیری اربن ہاؤسنگ منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقستمی سے ہمارے ہیں جیل میں صرف غریب جاتا ہے جس کے پاس وکیل کودینے کیلئے پیسے نہیں ہوتے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ملک لوٹنے والوں کی ‘پی ڈی ایم کے نام سے ایک یونین بنی ہوئی ہے کہ ہمیں این آر او دے دو باقی عام لوگوں کو جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دو۔
حساب دینے کی بجائے پی ڈی ایم یونین این آراو مانگنے لگی ہوئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایک چھوٹی سی ایلیٹ کلاس نے اپنے قبضے میں لیا ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کورونا کی وبا سے لوگ پریشان ہیں، ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں کورونا کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں، ہم کورونا کی تشویشناک صورتحال سے گزر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کورونا کے پہلے دو فیز میں اللہ نے بڑاکرم کیا، کورونا کے حوالے سے اگلے2 ہفتے ہمارے لئے بہت اہم ہیں، ہم نے کورونا کیسز کی شرح کو نیچے لے کر آنا ہے، سب کو تاکید کروں گا سب ماسک پہنیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں عام آدمی کی رہائش کے حوالے سے نہیں سوچا گیا، آدھا کراچی کچی آبادیوں پر مشتمل ہے جہاں غریب لوگ رہائش پذیر ہیں، پاکستان میں صرف صفراشاریہ دو فیصدلوگوں کوگھروں کیلئے قرضہ دیاجاتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فورکلوژر قانون کا کیس عدالتوں سے جیتنے کے بعد اب بینکوں کو تربیت دے رہے ہیں کہ غریب اور مزدوروں کو قرضہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سبسڈی دے کر گھر فراہم کر رہی ہے، غریب شخص جو کرائے کے گھر میں رہ رہا ہے وہ اب اتنا ہی کرایہ دے کر اپنے گھر کا مالک بن سکے گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے عام آدمی اپنے گھر کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتا تھا، اپنا گھر ایک بہت بڑی سیکیورٹی ہے، لوگوں کو ڈر ہوتا ہے کہ کرایہ نہ دیا تو گھر سے نکال دیا جائے گا۔
Comments are closed.