ہلالِ احمر کا مون سون ہنگامی پلان سے متعلق اقدامات کا آغاز

52 / 100

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ہلالِ احمر کا مون سون ہنگامی پلان سے متعلق اقدامات کا آغاز کردیاگیا ،بارشوں سے ہونے والے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کیلئے پیشگی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔

ہلالِ احمر میں چیئرمین ابرار الحق کی زیر صدارت سانحات کی پیش بندی اور ریلیف آپریشن سے متعلق اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی، ھیٹ ویو(گرمی کی حدت) اور آنے والے بارشوں کے سلسلے میں ممکنہ خدشات، نقصانات بارے غور کیاگیا۔

چیئرمین ہلالِ احمر ابرارالحق کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں میں سیلابی یا کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے تمام متعلقہ شعبہ جات جیسے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ہیلتھ اینڈ کیئر، فرسٹ ایڈ، یوتھ اینڈ والینٹئر، لاجسٹک، فلیٹ کوہدایات جاری کیں کہ صوبائی اور ضلعی سطح کیلئے ہنگامی بنیادوں پر پیش بندی کی جائے۔

چیئرمین ہلال احمر نے ہدایت کی کہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لا کر متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کو یقینی بنایا جائے۔ سیلابی صورتحال میں لوگوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کرنے، اشیاء ضروریہ کی فراہمی، صحت عامہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ہلالِ احمر پاکستان نے ملک بھر میں مون سون کے حوالے سے موک ایکسرسائز کا آغاز کردیا ہے۔گوجرانوالہ میں گزشتہ دِنوں ہلالِ احمر، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگرسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے اَپر چناب کنال میں موک ایکسرسائز بھی کی گئی۔

ہلالِ احمر پاکستان نے مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ خطرات کی نشاندہی،پیشگی اقدامات واحتیاطی تدابیر کے حوالے سے مون سون 2022-23 سے متعلق اَرلی وارننگ پلان پر کام کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

اِس حوالے سے معلومات و اطلاعات کا تبادلہ، مقامی سطح پر لوگوں کو آگاہ کرنے سے متعلق نظام کو مربوط بنایا جائے گا۔

چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرار الحق نے عدم تحفظ کا شکار آبادی بالخصوص خواتین، بچوں اور معذور افراد کی معاونت اورممکنہ خطرات سے بچاؤ کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

مون سون کے سیزن میں شدید بارشوں، سیلابی صورتحال میں نقصانات کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر، اقدامات کیے جائیں گے۔ پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

ہلالِ احمر پاکستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ موسمیات،قومی ادارہ صحت و تمام صوبائی و ضلعی برانچوں کے علاوہ فلاحی ورفاعی اداروں کے ساتھ مستحکم رابطہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

متذکرہ تمام ضروری معلومات کا ہلالِ احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز میں تکنیکی ٹیموں کے ذریعے جائزہ لے کر وسط جون میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس کی گائیڈ لائن کے مطابق مون سون ہنگامی پلان مرتب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہر سال ہلالِ احمر مون سون ہنگامی پلان مرتب کرکے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے۔

Comments are closed.