گیس کنکشنز کا طریقہ کار آسان، بجلی کنکشنز فوری دئیے جائیں، وزیراعظم

PRIME MINISTER IMRAN KHAN CHAIRED A MEETING OF NATIONAL COORDINATION COMMITTEE ON HOUSING, CONSTRUCTION AND DEVELOPMENT ON NOVEMBER 26, 2020.

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیراعظم عمران خان کی گیس کے نئے کنکشنز کا آسان طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت، کہا ملک میں بجلی کی کوئی کمی نہیں، نئے کنکشنز دینے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعظم کی صدارت میں رابطہ کمیٹی ہاوَسنگ اور کنسٹرکشن و ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعظم کو توانائی اور پٹرولیم ڈویژنز کے نئے تعمیراتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں مشیرعشرت حسین، گورنرسندھ، معاون خصوصی شہبازگل، ذوالفقاربخاری سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز بھی ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

عمران خان کو بجلی اور گیس کنکشنز کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کرنے، نیا پاکستان ہاوَسنگ اسکیم کیلئے باہمی تعاون سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ درخواست گزاروں سے متعلق ضروری معلومات بینکوں کودی جائیں گی۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ گیس کے نئے کنکشنز کیلئے آن لائن طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی کوئی کمی نہیں۔ بجلی کے نئے کنکشنز دینے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے۔ وزیراعظم نے این اوسیز اور منظوری کا طریقہ کارآسان بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سے متعلق کہا کہ گھرکیلئے بینکوں سے قرض لینے والوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیرریلوے شیخ رشید، اسدعمر، فیصل واوڈا اور مشیرخزانہ حفیظ شیخ شریک ہوئے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کو ان منصوبوں پر اب تک ہونے والے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ کراچی ٹرانسفرمیشن پلان کے تحت 100 سے زائد منصوبوں کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے۔

منصوبے 1.117 ٹریلین روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔ منصوبوں کو تکمیلی مراحل کے اعتبارسے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کےفور منصوبے کی استعداد سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے۔ کراچی میں برساتی پانی سے ہونے والے نقصانات کا سبب نالوں پر غیرقانونی تعمیرات ہیں۔

کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے پہلے وہاں کے مستحق مکینوں کیلئے پہلےمتبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے اجلاس کو سٹیٹ بنک کے ساتھ نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے لیے طے پانے والے باہمی تعاون سے متعلق آگاہ کیا ۔

سیکرٹری ہاوسنگ نے کراچی میں بننے والے رہائشی منصوبے پاکستان کوارٹرز کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کو اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ۔ ان کے لیے کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے آسانی کی جائے اور تمام حائل روکاٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے ۔

Comments are closed.