گلگت بلتستان کو صو بہ بنانے کی قرارداد جی بی اسمبلی میں منظور


گلگت: گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنا یا جائے ،گلگت بلتستان اسمبلی نے کی قرارداد منظور کرلی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور قائد حزب اختلاف امجد حسین ایڈوکیٹ نے گلگت بلتستان اسمبلی میں گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کی قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔

حکومتی قرارداد میں گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت، وزیراعظم اور ریاستی ادارے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دے کر اسے قومی اسمبلی اور دیگر وفاقی اداروں میں مناسب نمائندگی دیں۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ قرار دینے کے لئے دستور پاکستان میں ترمیم کی جائے۔ اس سلسلے میں آئین میں ترامیم کا بل پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے۔

آئینی ترامیم میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ اس سے مسئلہ کشمیر متاثر نہ ہو۔ گلگت بلتستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی قرار داد حکومت کی طرف سے سامنے آئی ہے جب کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے گزشتہ انتخابات کے دوران اسے عبوری صوبے کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

Comments are closed.