کہاں قوم کا ہیرو اور کہا ں سزا یافتہ شخص، کوئی نوازشریف کیوں بنے گا؟

45 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاق میں اطلاعات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاہے نواز شریف مریم نواز کو مبارک ہوں، واقعی کوئی باضمیر بندہ نوازشریف نہیں بن سکتا ۔

مریم نواز کے وزیراعظم عمران خان سے متعلق بیان پر ردعمل میں وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں، ہم کیوں نواز شریف بنیں گے کوئی اور کیوں نواز شریف بنے گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ایک کروڑ 70 لاکھ پاکستانیوں نے ووٹ دیاعمران خان کی اپنی پہچان ہے وہ اس قوم کے ہیرو ہیں ، کہاں عمران خان اور کہا سزا یافتہ نواز شریف؟

وزیر مملکت فرخ حبیب نے ایک غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ حیرت ہے وہ کیسا بیان دے رہی ہیں جن کو خود پتہ ہے بھی ہے کہ ان کی کرپشن کے چرچے پانامہ پیپرز میں اور پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس قوم کا حافظہ کمزور نہیں ہے نواز شریف نے کیسے اقتدار حاصل کیا اور کئی بار انتخابات کیسے جیتے سب جانتے ہیں، جب تمام راستے بند ہوئے تو ووٹ کو عزت دو یاد آگیا۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو اب ووٹ کی عزت یاد آ گئی ہے، وہ نواز شریف بننے کی کوشش نہ کریں۔

مریم نواز کے بیان پر شہباز گل کا بھی بیان سامنے آیاہے ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز جادو ٹونے کی باتیں ہمیں نہ سنائیں، جادو ٹونے، جنات کی باتیں آپ کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ آپ کے پیسے کون سے جنات یا چڑیلوں نے بیرون ملک منتقل کیے؟ نواز شریف بنا نہیں جاسکتا وہ پیدا ہوتا ہے۔

معاون خصوصی شہباز گِل نے مزید کہا کہ نوازشریف روز پیدا نہیں ہوتے، ہر 200 سال بعد پیدا ہوتے ہیں، پہلے نواز شریف میر جعفر کی شکل میں پیدا ہوئے تھے۔

Comments are closed.