کولمبودھماکےکرائسٹ چرچ حملے کا ردعمل ہے،سری لنکن وزیردفاع
کولمبو ( نیٹ نیوز) سری لنکن وزیر دفاع رووان وجے وردانے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر ملک میں ہونے والی دہشت گردی کرائسٹ چرچ حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر ہونے والے دھماکے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر ہونے والے حملے کے ردعمل کے طور پر کیے گئے۔
وزیر دفاع رووان وجے وردانے نے کہا کہ حملوں میں نیشنل توحید جماعت ( این ٹی جے) ملوث ہے جسے مقامی گروپ جمعیت ملت ابراہیم ( جے ایم آئی) کی مدد حاصل تھی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ فوری طور پر اس جماعت کو کالعدم قرار دینے کی ضرورت ہے اور تنظیم سے وابستہ تمام افراد کو گرفتار کرنا چاہیے۔
ادھر مسلم کونسل آف سری لنکا کے صدر این ایم امین کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ہمیں جتنا علم ہے، اس طرح کی تنظیمیں مسلمانوں کی بدنامی کا باعث بنتی ہیں، ہمارے پاس اس تنظیم کے عالمی سطح پر تعلقات سے متعلق معلومات نہیں ہیں۔
یاد رہے کولمبو اور دیگر علاقوں میں اتوار کے روز ہونے والے 8 دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 310 تک پہنچ گئی اور 400 سے زائد زخمی ہیں، حملے کے بعد کم از کم 40 افراد کو حراست میں لیا گیا اور ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی جو اب بھی برقرار ہے۔
Comments are closed.