کورونا ،9 افراد جاں بحق،متاثرین کی مجموعی تعداد 1198 ہو گئی


فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے جمعرات کوپنجاب میں ایک ہلاکت کےبعد مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ مزید 121 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1198ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کورونا وائرس سے لاہور میں ایک اور ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں اب تک تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان اور  سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

گزشتہ روز (جمعرات) پنجاب میں 82، بلوچستان میں 12، اسلام آباد میں 9، سندھ میں 8 ، گلگت بلتستان میں 7، خیبر پختونخوا میں 2 اور آزاد کشمیر میں 2 کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس سے ایک شخص ہلاک جبکہ 82 نئے کیسز آئے ہیں اور صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 405 ہوگئی ہے۔

ڈی جی خان میں207 زائرین اور ملتان میں 19 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، اس کے علاوہ لاہورمیں 103 ، راولپنڈی میں 12 ملتان اورفیصل آباد میں 3،3، منڈی بہاوالدین میں 2، نارووال ، رحیم یار خان اور سرگودھا میں 1،1 کورونا مریض سامنے آچکا ہے۔

اٹک اور بہاولنگر میں ایک ایک جبکہ میانوالی میں 2 مریضوں میں وائرس کی تصدیق  ہوئی، کورونا وائرس سے پنجاب بھر میں اب تک 3 اموات ہوئیں ہیں جن میں سے ایک مریض راولپنڈی اور 2 لاہور میں جاں بحق ہوئے۔

اسلام آباد میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں اور مجموعی تعداد 25 ہو گئی تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں کورونا کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جہاں لاہور سے آئے ایک شخص میں کورونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد
ضلعی انتظامیہ نے شہزاد ٹاون کو جزوی لاک ڈاون کردیا ہے۔

ادھر بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز  سامنے آئے ہیں جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی ہے جب کہ سرکاری پورٹل پر بھی مجموعی کیسز کی یہی تعداد بتائی گئی ۔

سندھ میں ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 421 ہوگئی ہے، نئے کیسز میں سے کراچی میں مزید 7 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ کراچی میں کیسز کی تعداد 153 ہوچکی ہے ایک کیس حیدرآباد اور ایک مریض دادو میں رپورٹ ہوا۔

ترجمان کے مطابق تفتان سے سکھر کے قرنطینہ مرکز منتقل کیے گئے زائرین میں سے 265 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے، خیبر پختونخوا میںکورونا وائرس کے 2 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

صحت یاب دونوں مریضوں کا تعلق گاؤں منگاہ سے ہے اور یہ دونوں افراد کورونا سے جاں بحق ہونے والے شخص سعادت خان کے ہمراہ عمرہ کرکے آئے تھے صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 123 ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی جعمرات کو 7 نئے کیسز مثبت آئے ہیں۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی
نئے تمام 7 مریضوں کا تعلق ضلع اسکردو سے ہے۔

میرپور آزاد کشمیر میں ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 24 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 2 اسلام آباد اور 2 کا خیبر پختونخوا سے ہے۔

Comments are closed.