کابل ایئر پورٹ، جہاز سے لٹکے گرنے اور بھگدڑ سے 5افراد ہلاک

فوٹو: اے ایف پی


کابل( ویب ڈیسک)امریکی فوجیوں کی طرف سے کابل ایئر پورٹ پر امڈ آنے والے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کرنے کی تصدیق نہ ہو سکی، مبینہ طور پر 5 افراد کی ہلاکتیں بھگدڑ مچنے اور جہاز سے لٹک کر سفر کرنے کی کوشش میں گر کر ہوئی ہیں ۔

اے ایف پی کے مطابق ایئر پورٹ پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کے بعد ایئر پورٹ پر بھگڈر مچ گئی ،برطانوی میڈیاکے مطابق افراتفری کے بعد کابل کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے اور تمام کمرشل پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق پیر کو امریکی فوجیوں نے کابل ایئرپورٹ پر اس وقت فائرنگ کر دی جب ہزاروں شہری افغانستان سے باہر جانے والی فلائٹس پکڑنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ کابل ایئر پورٹ پر امریکی فورسز نے ملٹری پروازوں میں افغان عوام کو چڑھنے سے روکنے کیلئے ہوائی فائر کئے۔

عہدیدار نے واضح کیا کہ امریکا کی ملٹری پروازیں سفارتی عملے اور غیر ملکی اسٹاف کیلئے ہیں،دوسری طرف امریکی محکمہ خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ امریکی فوج نے کابل ایئرپورٹ کی حدود کو محفوظ بنالیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ کابل میں امریکی سفارت خانہ مکمل خالی کرالیا گیا ہے اور سفارت خانے کا تمام عملہ ایئرپورٹ کی حدود میں موجود ہے اور امریکی عملے کی واپسی کیلئے اقدامات کررہاہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر افراتفری سی مچی ہوئی ہے ۔ جو افراد جہازوں کی سیڑھیاں چڑھنے میں کامیاب ہوئے، وہ دوسرے لوگوں کو اوپر چڑھنے میں مدد کر رہے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ مسافروں، عملے اور اثاثوں کی حفاظت کے لیے پروازیں غیر معینہ مدت تک ملتوی کی گئی ہیں،پی آئی اے نے یہ فیصلہ وزارت خارجہ اور افغان سول ایوی ایشن سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

Comments are closed.