ڈونلڈ ٹرمپ کا چین میں بینک اکاونٹ پکڑا گیا

فوٹو: سحر ٹی وی ایران

واشنگٹن :امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین میں بینک اکاونٹ پکڑا گیا امریکی صدر نے اب تک یہ اکاؤنٹ ظاہر نہیں کیا تھا۔

اس حوالے سے امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مالیاتی جائزے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ چین میں بھی ان کا ایک بینک اکاونٹ موجود ہے، جس کے ذریعے وہ بڑے منصوبے حاصل کرنے کی ناکام کوشش کرتے رہے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ اکاونٹ ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل آپریٹ کرتا ہے اور سن دوہزار تیرہ سے دوہزار پندرہ کے دوران مذکورہ اکاونٹ سے ایک لاکھ اٹھاسی ہزار پانچ سو اٹھارہ ڈالر کا ٹیکس بھی چین کو ادا کیا گیا ہے۔

ٹرمپ فاونڈیشن کے وکیل نے بھی مذکورہ اکاونٹ کی تصدیق کی ہے تاہم چینی بینک کا نام بتانے سے گریز کیا ہے۔ حالانکہ ٹرمپ شروع ہی سے اپنے رقیب جو بائیڈن پر چین کے مقابلے میں نرمی دکھانے کا الزام عائد کرتے آرہے ہیں۔

ادھر روزنامہ انڈی پینڈنٹ نے بتایا ہے کہ ٹیکس ہسٹری سے یہ بات واضح نہیں ہوتی کہ ٹرمپ کے مذکورہ اکاونٹ سے رقوم کا کتنا لین دین انجام پایا ہے یا کتنی رقم اس کھاتے میں موجود ہے۔

امریکہ میں ٹیکس کی ادائیگی کے وقت ہرقسم کی بیرونی آمدنی کو ظاہر کرنا ضروری ہے، جبکہ ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل نے پچھلے چند برس کے دوران صرف چند ہزار ڈالر کی آمدنی ظاہر کی ہے۔

ٹرمپ کے اکاؤنٹ کا انکشاف ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ میں انتخابی معرکہ حساس مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور چند دن پہلے ہی ری پبلکن سینٹروں نے صدر ٹرمپ کے رقیب جو بائیڈن کے بیٹے پر ایک چینی تاجر کے ساتھ مشترکہ اکاونٹ کھولنے کا الزام عائد کیا تھا۔

Comments are closed.