چین دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ

فوٹو : اسکرین گریب 

اسلام آباد : پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے واضح کیا ہے کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات کے دوران کہی۔

اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انسدادِ دہشتگردی، داخلی سلامتی، سکیورٹی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور سائبر کرائمز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں چین پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی خطے کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے اور چین اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی منظم اور طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بڑے نقصان کو روک لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

محسن نقوی نے چینی سفیر کو چینی شہریوں اور چینی منصوبوں کی سکیورٹی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی حفاظت حکومتِ پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے اور اسی مقصد کے تحت چینی شہریوں کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

https://https://x.com/i/status/2019320796536271135

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں جدید چینی ٹیکنالوجی اور سکیورٹی آلات اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جس سے انسداد دہشتگردی کی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔

ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی اور چینی سفیر نے پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی سفیر نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ محسن نقوی نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چین کی غیر متزلزل حمایت پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

چین دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ

Comments are closed.