چیئرمین نیب کا انتخاب، حکومت نے شہباز شریف کو لال جھنڈی دکھا دی

45 / 100

جہلم( زمینی حقائق ڈاٹ کام)حکومت کی طرف سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ساتھ نئے چیئرمین نیب کے انتخاب کیلئے مشاورت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدر ی جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے نیب نے شہباز شریف کو ملزم ڈکلیئر کیا ہوا ہے لہٰذا یہ طے ہے کہ نئے چیئرمین نیب کے لیے شہبازشریف سے مشاورت نہیں کریں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے اگلے چیئرمین نیب کے بارے میں پوچھنے کا مطلب ہے کہ ملزم سے پوچھیں کہ اس کی تفتیش کون کرے گا، وزیرقانون اور اٹارنی جنرل اس پرکام کررہے ہیں جو حل لے کر آئیں گے اس پر عمل کریں گے۔

انھوں نے کہاکہ حکومت پہلے بھی کئی بار یہ واضح کرچکی ہے کہ شہباز شریف خود ملزم ہیں وہ اپنا احتساب کرنے والے کا نام کیسے تجویز کرسکتے ہیں، ن لیگ کو بھی اس صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے لوگ ہی نہیں، دونوں ٹوٹی ہوئی پارٹیاں ہیں جب کہ اگلے الیکشن میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ معاملات بہتری کی طرف جارہے ہیں اور الیکشن کمیشن خود بھی اس حوالے سے پیش رفت میں مصروف ہے ہم چاہتے ہیں انتخابی عمل پر انگلیاں اٹھنے کا سلسلہ بند ہونا چایئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور اشرف غنی ڈالر لے کر باہر چلے گئے، آج دونوں ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں دوسروں کیلئے یہ پیغام ہے کہ ملک میں دیر پا عمل کیلئے کیسا طرز عمل چایئے ہوتاہے۔

Comments are closed.