پی ایس ڈبلیو نے ایف بی آر کے اشتراک سے سندھ میں پوسٹ پیمنٹ نظام کا نافذ کر دیا

فوٹو : فائل

اسلام آباد : پی ایس ڈبلیو نے ایف بی آر کے اشتراک سے سندھ میں پوسٹ پیمنٹ نظام کا نافذ کر دیا ہے، پاکستان سنگل ونڈو (PSW) کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) اور پاکستان کسٹمز کے اشتراک سے سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (SIDC) کے لیے پوسٹ پیمنٹ نظام کا نافذ کیا گیا ہے۔

یہ نظام WeBOC/PSW سسٹم کے تحت متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سے پہلے جولائی 2025 میں کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسز کے لیے یہی نظام کامیابی سے نافذ کیا جا چکا ہے۔
یہ اقدام ایف بی آر کی اس وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانا اور کاروباری اداروں پر ریگولیٹری بوجھ کم کرنا ہے۔

اس سے پہلے تاجروں کو SIDC کی ادائیگی کسٹمز اسیسمنٹ سے پہلے کرنا ہوتی تھی، جس کی وجہ سے گڈز ڈیکلریشن (GD) بروقت جمع کرانے میں مشکلات اور مالی دباؤ کا سامنا رہتا تھا۔

نئے نظام کے تحت اب SIDC کی ادائیگی کسٹمز کلیئرنس کے بعد کی جا سکے گی، جس سے تجارتی عمل میں آسانی، تاخیر میں کمی اور بہتر منصوبہ بندی ممکن ہو سکے گی۔

اب تمام اہم ڈیوٹیز اور ٹیکسز ایک ہی پوسٹ پیمنٹ نظام سے وصول کی جائیں گی ۔ اس ہم آہنگی سے کسٹمز کلیئرنس کا عمل مزید تیز ہو گیا ہے اور بندرگاہوں پر کارگو کی روانی بہتر ہوئی ہے۔

کلیئرنس سے پہلے رقم جمع کرنے کی شرط ختم ہونے سے تاجروں کے لیے کام کرنا آسان ہو جائے گا اور وہ اپنے کاروبار پر بہتر توجہ دے سکیں گے۔

پاکستان سنگل ونڈو کے سی ای او آفتاب حیدر نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی قیادت میں اور پاکستان سنگل ونڈو (PSW) کے تعاون سے یہ اقدام پاکستان کے تجارتی نظام کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق اس نظام سے تاجروں کو مالی سہولت ملے گی، کلیئرنس کا وقت کم ہو گا اور مجموعی طور پر تجارت کا عمل بہتر ہو گا۔

پاکستان سنگل ونڈو ملک میں تجارت کو ڈیجیٹل اور آسان بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ SIDC کے لیے پوسٹ پیمنٹ نظام کا نفاذ اس عزم کا حصہ ہے جس سے تجارتی عمل مزید شفاف، تیز اور پاکستان کی معیشت کے لیے فائدہ مند ہو گا۔

Comments are closed.