پی ایس ایل 11 کا شیڈول جاری، 8 ٹیموں کے درمیان 44 میچز،مارچ میں آغاز

پی ایس ایل 11 کا شیڈول جاری، 8 ٹیموں کے درمیان 44 میچز،مارچ میں آغاز

فوٹو : فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ٹورنامنٹ کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 44 میچز منعقد ہوں گے۔

 ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ لیگ میں دو نئی فرنچائزز حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز بھی شامل کی گئی ہیں، جس کے بعد ٹورنامنٹ میں ٹیموں کی تعداد چھ سے بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ مجموعی طور پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے میچز ملک کے چھ مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق فیصل آباد اور پشاور پہلی بار پاکستان سپر لیگ کے میچز کی میزبانی کریں گے، جو اس ایونٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

لیگ مرحلے کے دوران ہر ٹیم دس، دس میچز کھیلے گی جبکہ پلے آف مرحلہ 28 اپریل سے شروع ہوگا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 11 میچز کھیلے جائیں گے جن میں ایک کوالیفائر میچ بھی شامل ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور ایونٹ کا سب سے بڑا میزبان ہوگا جہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے 15 میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔

فیصل آباد میں پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے سات میچز منعقد ہوں گے جبکہ پشاور کا عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم بھی پہلی بار پی ایس ایل کی میزبانی کرے گا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں چار میچز کھیلے جائیں گے اور ان تمام میچز میں ملتان سلطانز ایکشن میں ہوں گے۔ اسی طرح کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے چھ میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 12 ڈبل ہیڈرز بھی کھیلے جائیں گے جس سے شائقین کو ایک ہی دن میں دو میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے لیے میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 مارچ مقرر کی گئی ہے۔

پی ایس ایل 11 کا شیڈول جاری، 8 ٹیموں کے درمیان 44 میچز،مارچ میں آغاز

Comments are closed.