پی ایس ایل پلئیرزآکشن،کئی بڑے نام فروخت نہ ہوئے،کن انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے جگہ بنائی؟
فوٹو : سوشل میڈیا
لاہور: پی ایس ایل پلئیرزآکشن،کئی بڑے نام فروخت نہ ہوئے،کن انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے جگہ بنائی؟ پاکستان سپر لیگ (PSL) کی تاریخ کا پہلا باقاعدہ اور توسیعی پلیئرز آکشن ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوا جہاں فرنچائز مالکان، پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے اعلیٰ حکام اور مقامی و غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی میں پی ایس ایل 11 کے لیے اسکواڈز کی تشکیل کا عمل جاری ہے۔ دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد لیگ میں شریک ٹیموں کی تعداد 8 ہو چکی ہے، جس سے مقابلہ مزید سخت اور دلچسپ ہو گیا ہے۔
تقریب کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام فرنچائز مالکان میں خصوصی طور پر تیار کردہ کٹس تقسیم کیں، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انہیں اعزازی بیٹ پیش کیا گیا۔ محسن نقوی نے اس موقع پر لیگ کی کامیابی اور فرنچائز مالکان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ریکارڈ بولیاں: نسیم شاہ، فہیم اشرف، ڈیوڈ وارنر اور فخر زمان مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل
پی ایس ایل 11 کے آکشن میں سب سے زیادہ توجہ قومی اور بین الاقوامی اسٹارز پر رہی۔ نسیم شاہ کو راولپنڈی فرنچائز نے 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں خرید کر بڑی بولی لگائی۔ فہیم اشرف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساڑھے 8 کروڑ روپے میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔
آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپنر ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں حاصل کیا، جبکہ لاہور قلندرز نے فخر زمان کو 7 کروڑ 95 لاکھ اور حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ روپے میں خرید لیا۔
نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر ڈیرل مچل کو راولپنڈی نے 8 کروڑ 5 لاکھ روپے میں سائن کیا۔ سلمان علی آغا کو کراچی کنگز نے 5 کروڑ 85 لاکھ میں حاصل کیا جبکہ رائلی روسو کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں اپنے نام کیا۔
لاہور۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 ۔ پلیئرز آکشن کی تقریب
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ایکسپو سینٹر پہنچ گئے pic.twitter.com/ZTriqjYr6p
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) February 11, 2026
دیگر نمایاں خریداریوں میں محمد عامر (5 کروڑ 40 لاکھ، راولپنڈی)، صاحبزادہ فرحان (5 کروڑ 70 لاکھ، سیالکوٹ اسٹالیئنز)، اعظم خان (3 کروڑ 25 لاکھ، کراچی کنگز)، اسامہ میر (3 کروڑ 50 لاکھ، لاہور قلندرز) اور کوشل پریرا (3 کروڑ 10 لاکھ، حیدرآباد) شامل ہیں۔
نوجوان اور اسپنرز کی مانگ، کچھ بڑے نام ان سولڈ
آکشن میں نوجوان کھلاڑیوں اور اسپنرز کی مانگ بھی نمایاں رہی۔ بنگلادیش کے لیگ اسپنر رشاد حسین کو راولپنڈی نے 3 کروڑ روپے میں حاصل کیا جبکہ مہران ممتاز کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 1 کروڑ 20 لاکھ میں خریدا۔ عامر جمال (1 کروڑ 90 لاکھ، پشاور زلمی) اور عرفات منہاس (1 کروڑ 10 لاکھ، کوئٹہ) بھی توجہ کا مرکز رہے۔
تاہم حیران کن طور پر کئی بڑے نام ان سولڈ رہے، جن میں عماد وسیم، سعود شکیل، محمد حسنین، احسان اللہ، رومان رئیس، حسین طلعت اور محمد جنید شامل ہیں۔ بنگلادیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن کی پیس پرائس 2 کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر تھی لیکن انہیں بھی کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
پی ایس ایل 11 کے پلیئرز آکشن میں مجموعی طور پر 880 کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔ ہر فرنچائز کو اسکواڈ مکمل کرنے کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ دیا گیا ہے، جس میں ری ٹین اور ڈائریکٹ سائننگ کے معاوضے بھی شامل ہوں گے۔
ٹیمیں کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 21 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دے سکیں گی۔ 16 رکنی اسکواڈ میں 5 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہے جبکہ 21 رکنی اسکواڈ میں 7 غیر ملکی پلیئرز شامل کیے جا سکتے ہیں۔ مزید برآں ہر ٹیم کو کم از کم 2 انڈر 23 کھلاڑی شامل کرنا لازمی ہوگا، تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ “پی ایس ایل کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ ہمیں خوشی ہوگی اگر پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے کھلاڑی ہمیں ملیں، تاہم اگر ایسا نہ بھی ہو تو لاہور قلندرز سارا سال محنت کرتی ہے اور ہماری 10 سال کی بنیاد مضبوط ہے۔”
پی ایس ایل 11: مارچ میں آغاز، مقابلہ مزید سخت
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد مارچ میں متوقع ہے۔ دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد لیگ میں مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے اور کرکٹ شائقین کو ہائی وولٹیج میچز دیکھنے کو ملیں گے۔ ماہرین کے مطابق اس بار پی ایس ایل کا معیار مزید بلند ہوگا کیونکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت اور بھاری سرمایہ کاری لیگ کو عالمی سطح پر مزید مستحکم کرے گی۔
Comments are closed.