پیپلز پارٹی کی پشاور میٹرو میں تاخیرکے خلاف نیب میں درخواست
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی نے پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے خلاف نیب میں درخواست جمع کرادی۔
قومی احتساب بیورو میں جمع کرائی گئی درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
منصوبے کی لاگت ساڑھے 39 ارب روپے رکھی گئی تھی اور تکمیل کی مدت 6 مہینے تھی، منصوبے کی عدم تکمیل سے پشاور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
درخواست میں بتایا گیاہے کہ 2017 میں منصوبہ 39 ارب 50 کروڑ کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن تمام تر دعووٴں کے باوجود بی آر ٹی منصوبہ تاحال مکمل نہیں کیا گیا، منصوبے کی لاگت دگنی ہوکر70 ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔
درخواست کے مطابق نیب کے آرٹیکل 9 کے تحت منصوبے کی لاگت میں اضافہ قانونی جرم اور قابل سزا ہے، معاملے کی مکمل تحقیقات ریفرنس کے ذریعے نیب کے آرٹیکل 18 کے تحت کی جائے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پرویز خٹک کی قیادت میں اس منصوبے میں کرپشن کی، بی آر ٹی منصوبے کے ذریعے من پسند شخصیات کو خلاف ضابطہ نوازا گیا۔
استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین نیب معاملے کی فوری انکوائری کرنے کے احکامات جاری کریں اور منصوبے کی کرپشن میں ملوث کالی بھیڑوں کوبے نقاب کریں ۔
یہ بھی کہا گیاہے کہ اربوں روپے کے نقصان پر ملزمان کے خلاف ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں۔
یاد رہے پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا جو کئی تاریخوں کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے۔
Comments are closed.