پنجاب کےسابق وزیراعلیٰ اور پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور وٹو انتقال کرگئے
فوٹو : فائل
اوکاڑہ : پنجاب کےسابق وزیراعلیٰ اور پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور وٹو انتقال کرگئے، وہ پنجاب کے سابق اسپیکر اسمبلی بھی تھے جب کہ وفاقی وزیر امور کشمیر بھی تھے، گزشتہ کچھ عرصہ سیاست سے کنارہ کش اور علیل تھے۔
مرحوم کےخاندانی ذرائع کے مطابق منظوروٹو کی نمازِ جنازہ کل بروز بدھ 17 دسمبر کو دوپہر 2 بجے ان کے آبائی علاقے حویلی وساوے والا، اوکاڑہ میں ادا کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پارٹی قیادت اور کارکنان مرحوم کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حسن مرتضیٰ نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ میاں منظور احمد وٹو کی آخری منزلیں آسان فرمائے۔
میاں منظور احمد وٹو نے 1993 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ 1985 سے 1993 تک پاکستان مسلم لیگ میں شامل رہے، 1993 سے 1995 تک مسلم لیگ جونیجو، 1995 سے 2002 تک مسلم لیگ جناح اور 2002 سے 2008 تک مسلم لیگ (ق) کا حصہ رہے۔
بعد ازاں انہوں نے 2008 سے 2018 تک پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، 2018 سے 2020 تک تحریک انصاف میں شامل رہے جبکہ 2020 کے بعد دوبارہ پیپلز پارٹی میں واپس آئے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سینئر سیاستدان میاں منظور احمد وٹو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی، وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر اور دیگر اہم سیاسی ذمہ داریوں میں رہتے ہوئے عوامی خدمت اور قومی ترقی کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو نے جمہوری اداروں کے استحکام، سیاسی رواداری اور علاقائی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی دانائی، قیادت اور قومی یکجہتی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Comments are closed.