پاکستان میں ملکی و غیر ملکی ائرلائنز کے کرایوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا
فوٹو : فائل
اسلام آباد: پاکستان میں ملکی و غیر ملکی ائرلائنز کے کرایوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے ، لوکل فلائٹس پر بھی 10 ڈالر فیول سرچارج نافذ کیا گیا ہے یہ اضافہ جیٹ فیول کی قیمت میں غیر معمولی اضافے کے باعث کیا گیا بین الاقوامی ایئرلائنز نے بھی کرایوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق جیٹ فیول 176 روپے سے بڑھ کر 417 روپے فی لیٹر تک جا پہنچا، جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے سے فضائی سفر مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔
ایئرلائنز حکام کے مطابق فیول کی بڑھتی قیمت کے بوجھ کو ٹکٹس میں منتقل کرنا ناگزیر ہے۔ جس کی وجہ سے ایئرلائنز نے کرایوں میں 100 فیصد تک اضافے کا عندیہ دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے اپنے لوکل پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج نافذ کیا ہے، جبکہ کینیڈا کے روٹس پر یہ اضافی چارج 100 ڈالر تک ہے۔
برطانیہ جانے والی پروازوں پر 75 ڈالر جبکہ سعودی عرب اور گلف کے روٹس پر 50 ڈالر تک سرچارج لگایا گیا ہے،نجی ایئرلائنز نے بھی 15 سے 150 ڈالر تک اضافی چارجز نافذ کر دیے ہیں۔
کرایوں میں اضافہ اور فیول سرچارج کے حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ خلیجی فضائی حدود کی بندش اور فیول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ناگزیر ہے۔
ایئرلائنز کے مطابق اس اضافے کا مقصد صرف فیول کے اضافے کا بوجھ برداشت کرنا ہے، جبکہ مستقبل میں اگر فیول کی قیمت میں کمی ہوئی تو کرایوں میں بھی مناسب کمی کی جا سکتی ہے۔
Comments are closed.