وینا ملک کو سابق شوہرکا50کروڑ ہرجانے کا نوٹس

فوٹو: فائل

اسلام آباد( ویب ڈیسک)اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے بچے غیر قانونی طریقے سے متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل کرنے پر50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئی ٹویٹس میں اسد ملک نے اپنے دل کا غبار نکالا اوروینا ملک پران کے بچے غیرقانونی طریقے سے پاکستان اسمگل کرنے کا الزام لگا یا اور کہا بچوں کی خاطر ہر چیز برداشت کی لیکن اب وقت آگیا ہے اس شرمناک عورت کی اصلیت سب کے سامنے لائی جائے۔

اسد خٹک نے کہا بہت بڑے نامور لوگوں اور علما کے کہنے پر زبان بند رکھی، بچوں کی خاطر ہر چیز برداشت کی۔ میں آج سوشل میڈیا کے توسط سے ہراتھارٹی سے درخواست کرتا ہوں، مجھے انصاف دلوائیں۔ مجھے میرے بچے لوٹا دیں۔

اسد خٹک نے کہا بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیرہے اندھیر نہیں۔ جس اذیت سے میں گزررہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا۔ میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

اسد خٹک نے مزید کہا وینا ملک نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باجود نہ مجھے اپنے بچوں سے ملنے دیا ہے اور نہ بات کرنے دے رہی ہے۔ تنگ آکرمجھے قانونی راستہ اپنانا بڑا اور دبئی کورٹ نے بھی میرے حق میں فیصلہ کیا، لیکن وینا فرارہوگئیں۔

انھوں نے کہا کہ میرے دونوں بچے امریکی شہری ہیں۔ وینا ملک نے نہ صرف مجھے دھوکہ دیا بلکہ دبئی حکومت کو بھی چکمہ دے کر بچوں کو پاکستان لے آئیں، اب ان سب باتوں کا جواب کورٹ میں دینا ہوگا۔ دو امریکی شہری کس طرح دبئی سے پاکستان اسمگل ہوگئے؟

اسد خٹک نے کہا کہ ان سب کے باوجود میری ہی کردار کشی کی گئی۔ مجھے اور میرے خاندان کو دھمکیاں اور ہراساں کیا گیا، میرا کیریئر تباہ اور میرے ساتھ بازاری زبان استعمال کی۔ لیکن انسان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کی اولاد ہوتی ہے، جن آنکھوں سے نور چھن جائے ان کے صبح شام ایک برابر ہوتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بچوں کی شناختی دستاویزات سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ایف آئی اے پاکستان سمیت دیگر اداروں سے درخواست کی کہ وینا ملک کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اورمیرے بچوں ابرام اور امل کو بازیاب کرایا جائے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وینا ملک کا اصل نام زاہدہ ہے ہماری طلاق ہوچکی ہے مگر عدالت نے بچوں سے ملنے کا حق مجھے بھی دیا ہے میں ان کا باپ ہوں مگر آپ کیوں اور کیسے ان کو غیرقانونی طریقے سے پاکستان لائی ہیں؟ ان کا پاسپورٹ کب اورکس نے بنایا۔

اسد خٹک کے الزامات کے جواب میں وینا ملک نے ٹوئٹر پر طلاق کے کاغذات اور بچوں کی سرپرستی کے کاغذات شیئرکرتے ہوئے کہا کہ قانون اور شریعت کی روسے 25 ستمبر 2019 سے بچوں کی سرپرستی ان کے پاس ہے اور دبئی میں بھی بچوں کا سرپرست انہیں ہی مقررکیا گیا ہے۔

وینا ملک کی جانب سے شیئر کیے جانے والے کاغذات کے مطابق دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی جس کی تصدیق انہوں نے 2018 میں کی تھی۔ دونوں کے دو بچے ابرام اور امل ہیں جو فی الحال اپنی والدہ کے ساتھ رہتے ہیں۔

Comments are closed.