وسیم اکرم ،کرسچن ٹرنر، سے شرمندہ بھی۔ شکریہ بھی ادا کیا


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی دارالحکومت کو صاف ستھرا رکھنے کے ذمہ دار ادارے اور افسر شرمندہ ہوئے ہیں یا نہیں لیکن پاکستان کے شہرہ آفاق آل راونڈر وسیم اکرم برطانوی ہائی کمشنرکے ہاتھ میں کچرے کے بیگز دیکھ کر شرمندہ بھی ہوئے اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا اسلام آباد کی گلیوں سے ہر ہفتے کچرا اُٹھانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ سب دیکھ کر بیحد شرمندہ ہوئے ہیں۔

وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانوی ہائی کمشنر کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے،وسیم اکرم نے لکھا کہاب یہ ہمارے لیے بہت زیادہ شرمندگی کی بات ہے، ہم کہاں جا رہے ہیں؟

وسیم اکرم نے برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ تقریباََ ہر ہفتے ایسا کرنے کے لیے مسٹر ٹرنر کا شکریہ۔ واضح رہے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر اسلام آباد کی گلیوں اور مارگلہ پرپھیلے کچرا کے بیگز سوشل میڈیا پر شیئر کئے تھے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے اپنی تصویروں کو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک اور جمعہ کی صبح کی سیر اور کچرے سے بھرے ہوئے بیگز۔یہی نہیں بلکہ ساتھ میں ڈپٹی کمشنر اسلام آبادحمزہ شفقات اور کلین گرین پاکستان ادارے کو مخاطب کرکے یاد دلایا کہ صفائی نصف ایمان ہے۔

برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر تقریباََ ہرجمعہ کو صبح چہل قدمی کرنے کی لیے نکلتے ہیں تو اسلام آباد کی گلیوں میں پھیلا ہوا کوڑا کرکٹ جمع کرتے ہیں اور اس دوران اپنی کچھ تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر کچھ سبق آموز کیپشنز کے ساتھ پوسٹ کردیتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پبلک مقامات اور بالخصوص گلیوں میں گند پھینکنے کی مذمت کی ہے۔

Comments are closed.