وزیراعظم کی بےسہارا افراد کو اداروں تک رسائی دینے کی ہدایت

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) وزیر اعظم عمران خان نے کمزور اور بے سہارا افراد کو سرکاری اداروں، محکموں تک زیادہ اور آسان رسائی کو مزید آسان بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

 

وزیراعظم کی ہدایت پر تمام صوبوں میں سیٹیزن پورٹل پر افسران کے 8 ہزار 864 ڈیش بورڈز کو ذمہ داری تفویض کر دی گئی۔ وزیراعظم آفس نے ملک بھر کے 8864 سے زائد سرکاری دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا۔

 

سرکاری افسران کو اپنے ڈیش بورڈز سے کمزور طبقہ کی شکایات درج کرنے کا حکم دے دیا ہے، سرکاری افسران کو بزرگ شہریوں، بیوہ خواتین، معذور افراد کی سہولت کیلئے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

 

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا منشور عوام کی عملی خدمت کرنا ہے، سرکاری اداروں کو عوام کی خدمت کے لیے ہر صورت پابند بنایا جائے، گورننس سسٹم کی بہتری عوام اور سرکاری اداروں کے مابین بہتر راوبط سے مشروط ہے۔

 

اس حوالے سے پی ایم ڈلیوری یونٹ نے سرکاری اداروں کو ضابطہ اخلاق بھی بھجوا دیئے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی سیکرٹریز، چیف سیکرٹریز، آئی جیز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

 

وزیراعظم آفس کے مطابق ضرورت مند شہریوں کو اپنی شکایات کیلئے متعلقہ ادارے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، کسی بھی قریبی سرکاری دفتر میں عملہ شہری کی شکایات درج کرنے کا پابند ہوگا.

 

سرکاری ادارے شہری کی شکایت فوری متعلقہ محکمہ کو بھیجنے کے پابند ہوں گے، مختلف علاقوں میں موبائل، انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کے باعث فیصلہ کیا گیا، شہریوں کو سہولت سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔

 

اس سے قبل جب حکومت نے سٹیزن پورٹل متعارف کرایا تھا تب بھی ایسا ہی دعویٰ کیا گیا تھا لیکن سرکاری افسران نے شکایات دور کرنے کی بجائے پورٹیبل پر ہی مسئلہ حل ہو گیا ہے لکھنا شروع کر دیا تھا حالانکہ بیشتر مسائل جوں کے توں پڑے رہتے ہیں.

Comments are closed.