وزیراعظم کا افغانستان کیخلاف امریکہ کو اڈے دینے سے دو ٹوک انکار


اسلام آباد( ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکہ سمیت کسی کو بھی پاکستانی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں امریکا کو افغانستان میں کارروائی کے لیے اڈے دینے سے متعلق سوال پر دو ٹوک انداز اپناتے ہوئے واضح انکار کیا۔

ایچ بی او پر ایک انٹرویو میں کہا کہ ‘ہرگز نہیں، کسی بھی صورت ہم اپنے اڈوں کے استعمال کی اور نہ ہی پاکستانی حدود سے افغانستان میں کسی بھی طرح کی کارروائی کی اجازت دیں گے۔

ایچ بی او ایکزیوس کی ویب سائٹ پر اتوار کو نشر ہونے والے انٹرویو کے ایک ٹریلر میں انٹرویو لینے والے جوناتھن سوان نے سوال کیا تھا ‘کیا آپ امریکی حکومت کو پاکستان میں سی آئی اے کی موجودگی کی اجازت دیتے ہیں

وزیراعظم نے کہا یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکا کو افغانستان میں ایکشن کے لیے پاکستان میں اڈے دیں ، انھوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کی بات کرتے ہیں امن عمل کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے یہ ابہام امریکی حکام کی طرف سے بیان بازی کے بعد پیدا ہوا تھا جس کے جواب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ترجمان دفتر خارجہ نے اس خبر کی تردید اور اپنا موقف بھی واضح کیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے سینیٹ میں اس حوالے سے وضاحت کی تھی کہ پاکستان امریکہ کو اڈے نہیں دے گا اورساتھ یہ بھی کہا تھا کہ جب تک عمران خان اقتدار میں ہیں ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

دوسری طرف افغان طالبات نے بھی ان خبروں پر تشویش کااظہا رکرتے ہوئے پڑوسیوں سے اڈے نہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ہمارے ملک میں کارروائیاں انجام دینے کے لیے ہمارے پڑوس میں موجود رہنا چاہتا ہے۔

Comments are closed.