نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کا ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد: نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں پی ڈی ایم اے استعفوں کے معاملے پر اختلاف رائے پر تبادلہ خیال کیا گیا.
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان گفتگو کے دوران خواجہ آصف کی گرفتاری اور پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں کا حصہ رہنے کے فیصلے سمیت مختلف معاملات زیر بحث آئے ۔
واضح رہے کہ جے یو آئی ف کا بڑا دھڑا جماعت سے الگ ہوگیا ہے تو دوسری جانب پی ڈی ایم میں شامل پیپلز پارٹی نے اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا اور نواز شریف کی واپسی کی شرط عائد کر دی۔
خواجہ آصف کی گرفتاری کے حوالے سے نواز شریف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری سلیکٹرز اور سلیکٹڈ کے گٹھ جوڑ کا انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے۔
ایسی بھونڈی حرکتوں سے حکومتی بوکھلاہٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ لیکن ان حرکتوں سے یہ اپنے انجام کو مزید قریب لا رہے ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ اندھے سیاسی انتقام کے دن گنے جا چکے ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے بھی ٹوئٹ میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب اپوزیشن فیصلہ کن تحریک کی تیاری میں ہے ایسے ہتھکنڈے حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔
Comments are closed.