ممنوعہ فنڈنگ ، عمران خان کے خلاف مقدمے میں ایف آئی اے نے تفتیشی افسر مقرر کردیا

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمے میں ایف آئی اے نے تفتیشی افسر مقرر کردیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی سمیت پارٹی رہنماوٴں کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ پر فارن ایکسچینج ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت ایف آئی اے میں درج مقدمے میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کے اسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ندیم کو تفتیشی آفیسر مقرر کردیا گیا۔

تفتیشی افسر کو ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کے انسپکٹر اور ماتحت عملے و ٹیکنکل و لیگل ڈپارٹمنٹ کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے کیس کی انکوائری کے دوران تمام نقاط کو مدنظر رکھا جب کہ بینک ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے رجسڑار ہائی کورٹ سے باقاعدہ اجازت لی گئی۔

دستاویز کے مطابق چیئرمین عمران خان، سیکرٹری جنرل اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ اسلام آباد کو بھی ریکارڈ و مطلوبہ معلومات کی فراہمی کے لیے اسپیشل میسنجرز اور رجسڑڈ پوسٹ کے ذریعے خطوط و ریمائنڈرز ارسال کیے گئے ، تاہم ریکارڈ و معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ اسی طرح انکوائری کے دوران چیئرمین ایس ای سی پی کو بھی خط لکھ کر پی ٹی آئی لیڈر شپ کے ناموں پر کمپنیز کی معلومات دریافت کی گئیں۔

انکوائری کے دوران دفعہ 160 سی پی آر سی کے تحت پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکرٹری فنانس کو نوٹسز اور سوال نامے بھی حوالے کیے گئے، جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔

Comments are closed.