معروف گلو کار شفاء اللہ روکھڑی انتقال کر گئے

میانوالی(ویب ڈیسک) میٹھی سروں کے نامور گلو کار شفاء اللہ خان روکھڑی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔

معروف گلو کارشفاء اللہ خان روکھڑی کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں اسلام آباد ہسپتال لے جایا جارہا تھا تاہم وہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔ ان کی میت اسلام آباد سے میانوالی پہنچا دی گئی ہے۔

معروف سرائیکی لوک فنکار ذیشان خان روکھڑی کے والد تھے، معروف سرائیکی فنکار شفااللہ خان روکھڑی کا نماز جنازہ میانوالی سیڈیم میں ادا کی جائے گی۔ ان کی تدفین آبائی علاقہ روکھڑی میں ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف سرائیکی گلوکار شفاء اللہ خان روکھڑی کے اتنقال پر اظہار تعزیت کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شفاء اللہ خان روکھڑی مرحوم سرائیکی گلوکاری میں اپنا علیحدہ مقام رکھتے تھے۔

انھوں نے کہا ان کے انتقال سے سرائیکی گلوکاری کا ایک باب بند ہوگیا ہے۔ مرحوم کی سرائیکی گلوکاری کے فروغ کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شفاء اللہ روکھڑی نے عطاء اللہ نیازی کی طرح میانوالی میں اپنی گلوکاری کے میدان میں شناخت بنائی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے انھیں عالمگیر شہرت بھی ملی اور وہ بیرون ملک بھی اپنے فن کا مظاہر ہ کرتے رہے۔

شفا اللہ روکھڑی نے ذیشان روکھڑی کے ہمراہ بھی گلو کار ی کی اور گائیکی کے ساتھ ساتھ دونوں کی ویڈیوز بھی بہت مقبول ہوئیں ، سرائیکی خطے میں شفاء اللہ روکھڑی لو ک موسیقی کی پہچان تھے۔

Comments are closed.