مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور : مریم نواز کی ضمانت خارج کرنے کےلیے نیب لاہور نےلاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہےجو کہ سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مریم نواز اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز ضمانت پر ہیں اور وہ اپنی ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز
لاہور ہائیکورٹ سے چوہدری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پررہا ہیں ان کے خلاف چوہدری شوگرملز سمیت دیگر انکوائریز جاری ہیں.

مریم نواز ضمانت پر رہا ہونے کے باوجود نیب سے تحقیقات میں تعاون نہیں کررہیں، مریم نوازکو چوہدری شوگر ملز کیس میں دستاویزات طلبی کے لیے 10 جنوری 2020 کو نوٹس بھجوائے گئے تھے.

انہوں نے نیب نوٹسز پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا جس کےبعد انہیں دستاویزات فراہم نہ کرنے پر 11 اگست 2020 کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا لیکن اگست 2020 میں مریم نواز نے الٹا نیب آفس پر حملہ کروا دیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ مریم نواز پیش نہ ہو کر نیب کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں لہٰذا ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے جس پر جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 15 مارچ کو سماعت کرے گا۔

Comments are closed.