یورپین تحفظات دور کرینگے ، ختم نبوتﷺ قانو ن پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعظم
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)حکومت پاکستان یورپی یونین کے سامنے ڈٹ گئیوزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک انداز میں واضح کردیا کہ پاکستان یورپی یونین کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے تیار ہے لیکن توہین رسالت اور ختم نبوتﷺ قانون پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے ایک اجلاس میں یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر نظرثانی کی قرارداد منظور ہونے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں جی ایس پی پلس سٹیٹس پر یورپی یونین کی قرارداد میں اٹھائے جانے والے نکات کے حوالے سے مشاورت کی گئی، وزیراعظم نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوتﷺکے قانون پر سمجھوتا نہیں کرسکتے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یورپی پارلیمنٹ کی پاکستان مخالف قرارداد کے جواب میں ناموس رسالتﷺ کے قانون اور قادنیوں کو کافر قرار دینے کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کا توہین رسالت قوانین سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شرکا کو بتایا گیا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم ہونے سے پاکستان کو تین ارب ڈالر سالانہ کا نقصان ہوسکتا ہے، یورپی یونین کے ساتھ انسانی آزادیوں کے حقوق، جبری گمشدگیوں کے خاتمے، اقلیتوں کے تحفظ، خواتین کے حقوق سمیت 8 معاہدے ہوئے تھے
یہ بھی واضح کیا گیا کہ معاہدے میں مذہب کے حوالے سے کوئی شرط طے نہیں کی گئی تھی، کابینہ کی قانون ساز کمیٹی سے منظوری لے کر جلد مسودے اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ اجلاس کے دوران جبری گمشدگیوں، صحافیوں کے تحفظ اور آزادی اظہار کے قوانین جلد پارلیمنٹ میں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، پاکستان کی ریاست نہ خود اور نہ کسی کو مذہب کے نام پر تشدد کی اجازت دے گی، تمام یورپی یونین کے ممالک سے اس معاملے پر بات کی جائے گی۔
Comments are closed.