متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کو ویزے نہیں دے رہا، وزارت داخلہ کی بریفنگ

افغانی پاکستانی بن کر ویزے لیتے رہے

فوٹو : فائل

اسلام آباد : متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کو ویزے نہیں دے رہا، وزارت داخلہ کی بریفنگ، حکام وزارت داخلہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بریفنگ میں بتایا ہے کہ یو اے ای سے صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے مل رہے ہیں۔

وزارت داخلہ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب میں پابندی لگتے لگتے بچی ہے، اگر پابندی لگ گئی تو اسے ہٹوانا مشکل ہوگا۔

پاکستان کے شہری ایک عرصے سے ان مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، حکام کا کہنا تھا کہ یو اے ای والے ویزا نہیں دے رہے، صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے مل رہے ہیں۔

قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پڑوسی ملک نے ہمارے سسٹم میں مداخلت کی اور پاسپورٹس بنوائے، اس میں ہماری بھی ذمہ داری ہوگی کہ کرپشن ہوئی ہوگی، چند ماہ قبل سعودی عرب سے بڑے پیمانے پر پاکستانی نکالے گئے.

سعودی عرب میں کئی افغان شہری پاکستانی بن کر مقیم تھے جس کی وجہ سے سعودی عرب کی حج سیزن کے تحت پاکستان سمیت 14ممالک پر عارضی ویزا پابندی لگی.

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 61 ممالک میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہیں،قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئر پرسن ثمینہ ممتاز نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خطرات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے.

انھوں نے استفسار کیا کہ کیا ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں نے ان علاقوں میں کوئی آگاہی مہم شروع کی؟ بیرون ملک غیر قانونی راستوں سے جانے کے سنگین نتائج سے عوام ناواقف ہیں، مختلف ایئرپورٹس پر آگاہی بینرز نہ ہونے پر بھی تشویش ہے۔

واضح رہے کہ ایک طرف دوست برادر ملک پاکستانیوں کو ویزے نہیں دے رہا صرف وی آئی پی یا آفیشلز آ جا سکتے ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستان سے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو خود حکومت کی جانب سے ایئرپورٹس پر آف لوڈ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے.

Comments are closed.