مانسہرہ،کمرے میں گیس لیک ہونے سے ایک خاندان کے 6 افراد جاں بحق
فوٹو : فائل
مانسہرہ: مانسہرہ کے علاقے لاری اڈا پانو روڈ پر ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث میاں بیوی اور ان کے تین بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گیس لیکج کے باعث مرنے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن میں دادی، میاں بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے ابتدائی تفتیش سے لگتا ہے کہ گھر والے رات کو گیس ہیٹر جلا کر بند کرنا بھول گئے تھے اور اموات گھر میں گیس بھرجانے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے کنگ عبداللہ اسپتال پہنچا دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے ۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ خاندان کے سارے افرادشدید سردی کے باعث گیس ہیٹر جلا کر ایک ہی کمرے میں سورہے تھے، خدشہ ہے کہ اس دوران گیس بند ہو ہو کر دوبارہ آئی ہے.
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے اہل علاقہ کے ہمراہ تمام متاثرہ افراد کو کنگ عبداللہ اسپتال منتقل کردیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
Comments are closed.