لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین مقرر
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کردیا۔
سابق ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، عاصم سلیم باجوہ کو 4 سال کے لیے اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ سابق ترجمان پاک فوج اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عاصم سلیم باجوہ کی تقرری ایم پی ون اسکیل کے تحت 4 سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عاصم سلیم باجوہ کی مدت کا آغاز عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے ہوگا، جبکہ اتھارٹی وزارت منصوبہ بندی و اصلاحات کے تحت کام کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے آرڈیننس پر دستخط کیے تھے۔
سی پیک اتھارٹی کے قیام کا مقصد سی پیک سے متعلق تعمیری سرگرمیوں کی رفتار بڑھانے اور ترقی کے نئے امکانات تلاش کرنا ہے. ‘سی پیک اتھارٹی’ ایک چیئرپرسن، ایک چیف ایگزیکٹو افسر، 2 ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور 6 اراکین پر مشتمل ہوگی۔
اگست میں وزیراعظم عمران خان نے سی پیک اتھارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا تھا کہ سی پیک اتھارٹی تمام متعلقہ محکموں کے مابین روابط کو یقینی بنائے گی۔
اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آرڈیننس کے ذریعے ‘سی پیک اتھارٹی’ کے قیام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کیا تھا۔
Comments are closed.