فیض حمید کو پھانسی نہیں ہوئی،9 مئی کیسزکا فیصلہ دیوار پہ نظر آرہا ہے، فیصل ووڈا

فیض حمید کو پھانسی نہیں ہوئی،9 مئی کیسزکا فیصلہ دیوار پہ نظر آرہا ہے، فیصل ووڈا

فوٹو : فائل

اسلام آباد : سینیٹر فیصل واوڈا نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو سنائی گئی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے کیسز ابھی باقی ہیں اور جس سیاسی جماعت نے وہ کارروائیاں کیں، اس کا ’’فیصلہ دیوار پر صاف نظر آ رہا ہے۔‘‘ ان کے مطابق یہ انصاف کا ایسا طویل سلسلہ ہے جو اب رکے گا نہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ان کی بات درست ثابت ہوئی ہے کہ فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے، ’’انہیں پھانسی کی سزا نہیں ہوئی، جیسا کہ بعض لوگ تاثر دے رہے تھے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کیسز پر فیصلہ آنا ابھی باقی ہے، ’’جس میں انہوں نے تباہی مچائی، ریاست، سیاست، عدلیہ اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔ میڈیا پر قبضے کی کوشش کی گئی۔‘‘ ان کے بقول اس فیصلے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان سے بڑا کسی کا باپ نہیں اور اب سزا و جزا کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ 9 مئی کا ٹرائل جاری ہے اور اس کی سزا کم سے کم 14 سال ہے۔ ’’جو سیاسی جماعت ان کیسز میں ملوث تھی، جو ڈرامے بازی پی ٹی آئی اور اس کے بانی نے کی، جس بربریت سے لوگوں کو مروایا گیا، اپنے ہی ادارے، شہیدوں اور یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا، میں انہیں اسی چیز سے روک رہا تھا۔ میں نے بتایا تھا کہ اس کی واپسی نہیں۔‘‘

یہ لوگ فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائیں گے،بانی پی ٹی آئی

سینیٹر واوڈا کا کہنا تھا کہ ’’ان کے اپنے ہی آدمی کا ٹرائل نہیں روکا گیا، یہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اصل مسئلہ سزا اور جزا کا رہا ہے، ’’جس کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سب سے پہلے اپنے ادارے سے اصلاحات کی بنیاد رکھی ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں سہولت کاری کے ذمہ دار افراد کا بھی مکمل صفایا کیا جائے گا۔ ’’اگر مسلح افواج اپنے لوگوں کو نہیں بخش رہیں، تو کیا آپ سمجھتے ہیں کہ باقی محفوظ رہیں گے؟‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سلسلہ ابھی شروع ہوا ہے۔ ’’بہت سے الزامات ابھی باقی ہیں، اور ان الزامات کے دائرے میں پی ٹی آئی اور ان کے وہ رہنما آئیں گے جو خود کو پاکستان سے بڑا سمجھتے ہیں۔ اس وقت کے ججز اور وہ لوگ جو اب خود سے دور ہو چکے ہیں، وہ بھی اس عمل سے باہر نہیں ہوں گے۔‘‘

فیض حمید کو پھانسی نہیں ہوئی،9 مئی کیسزکا فیصلہ دیوار پہ نظر آرہا ہے، فیصل ووڈا

Comments are closed.